’’میری زندگی اور گھر برباد ہوگیا‘‘ سوڈانی تارک وطن اپنے ساتھ کیے گئے مذاق پر سیخ پا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

ایک سوڈانی تارک وطن نے اپنے ساتھ کئے گئے مذاق پر شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے۔ یاد رہے سعودی حکام نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے سوڈانی کے ساتھ مذاق کرنے والے دو افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ اس کے باوجود سوڈانی نے اس حوالے سے بات جاری رکھی اور نئی ویڈیو جاری کردی۔ ویڈیو میں سوڈانی نے کہا کہ اس مذاق سے میری زندگی اور میرا گھر برباد ہوگیا ہے۔

سعودی عرب میں نئے آنے والے سوڈانی احمد کے بیان کے بعد سوشل میڈیا پر بہت سے سوڈانیوں اور سعودیوں نے اس کے لیے اپنی ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ احمد کے ساتھ بہت زیادتی کی گئی ہے۔

سوشل مڈییا پر صارفین نے احمد کی ایک ویڈیو بھی دوبارہ شائع کی۔ اس ویڈیو میں اس نے کہا کہ مشہور مذاق والی ویڈیو کے پھیلنے کے بعد اسے اپنے بچوں اور خاندان کے ساتھ کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ اس نے ویڈیو کلپ میں زور دیا کہ وہ اس مذاق کے بارے میں کچھ نہیں جانتے اور نہ ہی وہ اسے شائع کرنے پر راضی ہیں۔

سوڈانی احمد نے کہا اس ویڈیو کے پھیلنے سے وہ ناراض ہے۔ احمد نے مزید کہا کہ میرے بچوں نے مجھ سے بات کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ اس نے سوڈانی اور سعودی لوگوں کو درپیش کئی مسائل سے بھی آگاہ کیا ہے۔

سعودی جنرل سکیورٹی ایجنسی کے اعلان کے مطابق بدھ کو مکہ پولیس نے سوڈانی شخص کے ساتھ مذاق کرنے والے دو افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ ان دونوں میں ایک سعودی شہری اور ایک سعودی عرب میں مقیم غیر ملکی ہے۔ ویڈیو میں نظر آرہا تھا کہ ان دونوں نے سوڈانی شہری سے مذاق کیا تھا۔ ویڈیو میں ان میں سے ایک شخص گاڑی میں سوار ہوتے ہوئے خاتون کے بھیس میں نظر آیا تھا۔ جنرل سکیورٹی نے مزید کہا کہ یہ رویہ عوامی زندگی اور نجی زندگی کے تقدس کو متاثر کرتا ہے۔

واضح رہے مذکورہ مذاق کے حوالے سے دو دنوں کے دوران سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر تنقید کی گئی ہے کیونکہ بہت سے سعودی اور سوڈانی ٹوئیٹرز نے اس قسم کے "مذاق" کو انتہائی جارحانہ قرار دیا اور حد سے تجاوز قرار دیا ہے۔

بہت سے لوگوں نے کہا کہ سعودی عرب میں نئے آنے والے سوڈانی نے رضامندی نہیں دی تھی اس لیے اس ویڈیو کلپ کو شائع کرنا خلاف قانون بھی ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں