مصری صدر السیسی کی نریندر مودی سے ملاقات،تزویراتی شراکت داری بڑھانے پراتفاق

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے اتوار کے روز بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی ہے اور ان سے دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ پرتبادلہ خیال کیا ہے۔

مصری ایوان صدر کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ایک اعلامیے پر دست خط کیے ہیں جس کے تحت مصر اور بھارت کے تعلقات کو 'تزویراتی شراکت داری' تک بڑھانے سے اتفاق کیا گیا ہے۔ تاہم بیان میں دوطرفہ تعلقات اور بین الاقوامی موضوعات کا صرف عمومی تذکرہ کیا گیا ہے۔

مودی نے مصری رہنما کو جی -20 سربراہ اجلاس میں شرکت کی دعوت بھی دی ، جس کی میزبانی بھارت ستمبر میں کرے گا۔ صدر السیسی نے اتوار کی صبح قاہرہ میں صدارتی محل میں مودی کا استقبال کیا۔ بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی کے مطابق انھوں نے وزیر اعظم کو مصر کے سب سے بڑے سرکاری اعزاز آرڈر آف دا نیل سے نوازا ہے۔

مصر اور بھارت کے درمیان 1950 کی دہائی سے گہرے تعلقات استوار ہیں، جب دونوں ممالک نے غیر وابستہ تحریک کی بنیاد رکھنے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا، جس نے سرد جنگ کے عروج کے دور میں کمیونزم یا سرمایہ دارانہ نظام میں سے کسی ایک کا ساتھ دینے کا متبادل راستہ تلاش کیا تھا۔

مودی ہفتہ کے روز مصر کے دوروزہ سرکاری دورے پر قاہرہ پہنچے تھے۔وہ دو دہائیوں سے زیادہ عرصے میں مصر کا سرکاری دورہ کرنے والے پہلے بھارتی وزیر اعظم ہیں۔عبدالفتاح السیسی کی جنوری میں نئی دہلی میں بھارت کے یوم آزادی کی تقریب میں سرکاری مہمان کی حیثیت سے شرکت کے چھے ماہ بعد وہ یہ دورہ کررہے ہیں۔

مودی نے قاہرہ میں تاریخی مسجد الحکیم کا دورہ کیا جس کی حال ہی میں بھارت میں مقیم داؤدی بوہرہ برادری کی مدد سے تزئین و آرائش کی گئی تھی۔

مصر نے قاہرہ اور نئی دہلی کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کی ہے۔ بھارتی وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک پانچ سال میں دوطرفہ تجارت کو 12 ارب ڈالر سالانہ تک بڑھانے کے لیے تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔اس کا حجم 22-2021 میں 7.3 ارب ڈالر سے زیادہ تھا۔

مودی نے ہفتہ کے روز مصری وزیر اعظم مصطفیٰ مدبولی کے ساتھ ملاقات میں کہا کہ یہ ہمارے مشترکہ تعلقات کے لیے ایک قابل ذکر سال ہے۔

اس سال کے اوائل میں دونوں ممالک نے دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے پر اتفاق کیا تھا۔ دنیا کا سب سے زیادہ آبادی والا ملک بھارت مصر سے خام تیل اور مائع قدرتی گیس، نمک، کپاس، غیر نامیاتی کیمیکلز اور تیل دار اجناس سمیت مصنوعات کے سرفہرست پانچ درآمد کنندگان میں سے ایک ہے۔ مصر کو بھارت کی بڑی برآمدات میں سوتی دھاگے، کافی، جڑی بوٹیاں، تمباکو، دالیں، گاڑیوں کے پرزے، جہاز، کشتیاں اور برقی مشینری شامل ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں