واگنر کی ناکام بغاوت کے بعد چین کا روس کی بھرپور حمایت کا اظہار

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

چین کی وزارتِ خارجہ نے روس کی اپنے قومی استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے حمایت کا اظہار کیا ہے۔روس نے ایک روز قبل بھاری ہتھیاروں سے لیس کرائے کے فوجیوں پرمشتمل واگنر ملیشیا کی بغاوت کو ناکام بنایا ہے۔

روس کے نائب وزیرخارجہ آندرے روڈینکو نے فروری 2022 میں یوکرین پر روس کے حملے کے بعد صدر ولادی میر پوتین کو درپیش سب سے سنگین چیلنج کے بعد اتوار کو بیجنگ میں "بین الاقوامی" امور پر بات چیت کی ہے۔

روسی وزارت خارجہ نے کہا کہ چین نے 24 جون کے واقعات کے سلسلے میں ملک میں صورت حال کو مستحکم کرنے کے لیے روسی فیڈریشن کی قیادت کی کوششوں کی حمایت کا اظہار کیا اور روس کی سالمیت اور مزید خوش حالی کو مستحکم کرنے میں اپنی دلچسپی کی تصدیق کی ہے۔

چین کی وزارت خارجہ نے ابتدائی طور پر صرف اتنا کہا تھا کہ روڈینکو نے چینی وزیر خارجہ چن گانگ سے دوطرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ "مشترکہ دل چسپی کے بین الاقوامی اور علاقائی امور" پر تبادلہ خیال کیا تھا۔

بعد ازاں اس نے کہا کہ چین روس کے قومی استحکام کو برقرار رکھنے میں اس کی حمایت کرتا ہے اور کشیدگی میں حالیہ اضافہ روس کا "اندرونی معاملہ" ہے۔

یہ واضح نہیں ہے کہ روڈینکو کب بیجنگ پہنچے، یا روس کے ایک اہم اتحادی چین کا ان کا دورہ کرائے کے رہنما ایوگینی پریگوزن کی قیادت میں بظاہر بغاوت کے جواب میں تھا۔یہ بغاوت ہفتے کے روز ایک معاہدے کے تحت ختم کر دی گئی تھی جس کے تحت پریگوزن اوران کے کرائے کے سپاہیوں کو مجرمانہ الزامات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔اس کے بدلے میں پریگوزن نے اپنے جنگجوؤں کو واپس بلا لیا تھا اور وہ خود بیلاروس منتقل ہو گئے ہیں۔

اس سے قبل چین نے اس بغاوت پر کوئی تبصرہ نہیں کیا تھا جس کے بارے میں پوتین نے کہا تھا کہ روس کے وجود کو خطرہ ہے جبکہ امریکی صدر جو بائیڈن سمیت مغربی رہنماؤں نے کہا ہے کہ وہ صورت حال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔

معروف چینی فوجی ماہر اور ٹی وی تبصرہ نگار سونگ ژونگ پنگ نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ 'چین روس کی حمایت کرے گا اور اس کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہ کرنے پر زور دے گا‘۔

پریگوزن کا کہنا تھا کہ ماسکو کی جانب ان کے "مارچ" کا مقصد بدعنوان اور نااہل کمانڈروں کو ہٹانا ہے جن پر وہ یوکرین کی جنگ کو ناکام بنانے کا الزام عاید کرتے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں