الجزائر کی قومی ٹیم کے کپتان ریاض محرز مانچسٹر سٹی چھوڑ کر سعودی کلب الاہلی میں شامل

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

الجزائر کی قومی فٹ بال ٹیم کے کپتان اور ونگر ریاض محرز مانچسٹر سٹی سے سعودی عرب کے کلب الاہلی میں شامل ہوگئے ہیں۔

الاہلی کے ساتھ ان کا معاہدہ 2027 تک ہوگا لیکن اس کی مالی تفصیل سامنے نہیں آئی۔البتہ برطانوی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ پریمیئر لیگ چیمپیئن نے سعودی کلب کی جانب سے ساڑھے تین کروڑ یورو (38.53 ملین ڈالر) کی پیش کش قبول کرلی ہے۔اس کے علاوہ انھیں 50 لاکھ یورو اضافی ملیں گے۔

محرز نے ایک بیان میں کہا کہ ’’مانچسٹر سٹی کے لیے کھیلنا اعزاز کی بات ہے۔میں ٹرافی جیتنے اور اپنے فٹ بال سے لطف اندوز ہونے کے لیے سٹی آیا تھا۔میں نے یہ سب حاصل کیا اور اس کے علاوہ بھی بہت کچھ حاصل کیا ہے‘‘۔

انھوں نے مزید کہا کہ ’’میں نے اس فٹ بال کلب کے ساتھ پانچ ناقابل فراموش سال گزارے ہیں، ناقابل یقین کھلاڑیوں، شاندار حامیوں اور دنیا کے بہترین مینجر کے ساتھ کام کیا ہے۔مانچسٹرسٹی (کلب) ہمیشہ میری زندگی کا ایک بہت بڑا اور خوش حال حصہ رہے گا‘‘۔

محرز نے مانچسٹر سٹی کی جانب سے کھیلتے ہوئے تمام 236 میچوں میں 78 گول اسکور کیے اور 59 گول ان کی مدد سے ہوئے ، اور کلب میں 11 ٹرافیاں جیتیں۔ان میں 2018 میں لیسٹر سٹی چھوڑنے کے بعد پانچ لیگ ٹائٹل بھی شامل ہیں۔

32 سالہ الجزائری کھلاڑی کا گذشتہ سیزن میں پیپ گارڈیولا کی ٹیم کے لیے کھیل میں کردار کم ہوگیا تھا اور انھوں 47 میچوں میں 15 گول اسکور کیے تھے۔انھوں نے ایف اے کپ کے سیمی فائنل میں ہیٹ ٹرک کی تھی لیکن وہ ایف اے کپ اور چیمپیئنز لیگ کے فائنل میں ایکشن سے محروم رہے تھے لیکن اس کے باوجود وہ سٹی کی جانب سے تاریخی تین ٹائٹل اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے تھے۔گذشتہ سال انھوں نے 2025 تک اپنے معاہدے کی تجدید کی تھی۔

محرز سینی گال کے گول کیپر ایڈورڈ مینڈی کے ساتھ الاہلی کی ٹیم کاحصہ ہوں گے۔ وہ گذشتہ ماہ چیلسی کلب کو چھوڑ کر سعودی کلب میں شامل ہوئے تھے۔

برطانوی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق مانچسٹر سٹی کلب ایک اور مڈفیلڈر سے بھی محروم ہو سکتا ہے کیونکہ پرتگال کے بین الاقوامی کھلاڑی برنارڈو سلوا کی بھی سعودی عرب کے کلب الہلال میں منتقلی کے لیے بات چیت چل رہی ہے اور ان کے درمیان اس سلسلے میں معاہدہ متوقع ہے۔

واضح رہے کہ جنوری میں پرتگال کے فٹ بال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو کے النصر کلب میں منتقل ہونے کے بعد سے سعودی پرو لیگ یورپ میں مختلف کلبوں کی جانب سے کھیلنے والے بین الاقوامی فٹ بال کھلاڑیوں کے لیے ایک پرکشش منزل بن گئی ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں