سعودی عرب کے وزیر سرمایہ کاری کی برازیل میں سرمایہ کاری فورم میں شرکت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

سعودی عرب کے وزیر سرمایہ کاری خالد الفالح پیر کو برازیل کے شہر ساؤ پالو میں ہونے والے سرمایہ کاری فورم میں شرکت کررہے ہیں۔

عرب برازیل چیمبر آف کامرس نے اپنی ویب سائٹ پر اطلاع دی ہے کہ خالد الفالح سعودی عرب کی سرکاری اور نجی کمپنیوں کی نمائندگی کرنے والے 70 سے زیادہ ارکان پر مشتمل ایک وفد کے ہمراہ برازیل کے نائب صدر جیرالڈو الکمین سے ملاقاتیں کریں گے تاکہ دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنایا جاسکے اور جنوبی امریکا میں واقع ملک میں سرمایہ کاری کے مواقع کو بڑھایا جاسکے۔

اس تقریب میں برازیل میں سعودی عرب کے سفیر فیصل غلام اور برازیل کی فیڈریشن آف انڈسٹریز آف دی اسٹیٹ آف ساؤ پالو (ایف آئی ای ایس پی) کے چیئرمین جوسو گومز ڈی سلوا بھی شرکت کریں گے۔

برازیل کے ممتاز کاروباری افراد اور ملحقہ یونینیں بھی سرمایہ کاری فورم میں شرکت کررہی ہیں۔اس تقریب کا اہتمام ایف آئی ای ایس پی نے سعودی عرب کی سرمایہ کاری ایجنسی انویسٹ سعودی کے اشتراک سے کیا ہے۔

سعودی عرب اور برازیل کے تعلقات

برازیل نے 1973 میں حکام کے پہلے سرکاری دورے کے بعد سے سعودی عرب کے ساتھ قریبی تعلقات برقرار رکھے ہوئے ہیں۔

برازیل کی وزارت خارجہ کے مطابق برازیل کے موجودہ صدر لوئیز اناسیو ڈی سلوا نے 2009 میں سعودی عرب کا دورہ کیا تھا۔اس کے بعد 2015 میں دو طرفہ مشترکہ کمیشن کے اجلاس اور 2018 میں سعودی،برازیل پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کے قیام کے ساتھ دو طرفہ تعلقات میں تیزی آئی تھی۔

گذشتہ برسوں کے دوران دونوں میں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات میں بھی بہتری آئی ہے۔ سعودی عرب مشرق اوسط اور شمالی افریقا کے خطے میں برازیل کے اہم تجارتی شراکت داروں اور تیل مہیا کرنے والوں میں سے ایک ہے۔ برازیل کی وزارت خارجہ نے اپنی ویب سائٹ پر بتایا کہ 2018 میں دوطرفہ تجارت کا حجم 4.4 ارب ڈالر تک پہنچ گیا تھا۔

سنہ 2019ء میں برازیل اور سعودی عرب نے سعودی - برازیل تزویراتی سرمایہ کاری شراکت داری پر ایک مشترکہ بیان جاری کیا تھا جس میں یہ اعلان کیا گیا تھا کہ مملکت کا سرکاری سرمایہ کاری فنڈ باہمی فائدہ مند منصوبوں میں 10ارب ڈالر تک کی سرمایہ کاری کرے گا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں