مراکش میں ٹریفک حادثے میں 24 افراد ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

مراکش کے وسطی صوبے ازیلال میں اتوار کے روز پیش آنے والے بدترین سڑک حادثے میں 24 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

مقامی حکام کا کہنا ہے کہ مسافروں کو ہفتہ وار بازار لے جانے والی ایک منی بس قصبہ دمنات میں واقع ایک موڑ پر الٹ گئی۔حادثے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔

مراکش اور شمالی افریقا میں واقع دیگر ممالک کی سڑکوں پراکثرمہلک حادثات پیش آتے رہتے ہیں۔اس خطے میں سالانہ ہزاروں افراد سڑک حادثات کی نذر ہوجاتے ہیں۔

مارچ میں مراکش کے دیہی قصبے البراشوہ میں ایک منی بس ڈرائیور سے بے قابو ہوکر درخت سے ٹکرا گئی تھی جس کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ان میں زیادہ تر زرعی مزدور تھے۔بہت سے غریب شہری دیہی علاقوں میں سفر کرنے کے لیے کوچ اور منی بسوں کا استعمال کرتے ہیں۔

گذشتہ سال اگست میں مراکش کے اقتصادی دارالحکومت کاسابلانکا کے مشرق میں واقع ایک موڑ پر ایک بس الٹ گئی تھی جس سے 23 افراد ہلاک اور 36 زخمی ہو گئے تھے۔

نیشنل روڈ سیفٹی ایجنسی کے مطابق مراکش میں سالانہ اوسطاً 3500 افراد سڑک حادثات میں جانیں گنوا بیٹھتے ہیں اور 12000 افراد زخمی ہوتے ہیں۔گذشتہ سال حادثات میں مرنے والوں کی تعداد قریباً 3200 رہی تھی۔حکام نے 2026 تک سڑک حادثات میں اموات کی شرح کو نصف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

19 جولائی کو ہمسایہ ملک الجزائر میں ایک مسافر بس اور ایندھن کے ڈبے لے جانے والے ٹرک کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 34 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔اس حادثے میں 12 افراد زخمی ہوئے تھے اور ان میں سے بعض بری طرح جھلس گئے تھے۔

لیبیا کی سڑکوں کا شمار دنیا کی مہلک ترین شاہراہوں میں ہوتا ہے۔لیبیا کی وزارت داخلہ کے ٹریفک ڈپارٹمنٹ کے مطابق 2018 میں ملک بھر میں 4115 سڑک حادثات ہوئے جن میں 2500 افراد ہلاک اور 3000 سے زیادہ زخمی ہوگئے تھے۔

تُونس کے بدترین سڑک حادثات میں سے ایک 2019 میں پیش آیا تھا جب ایک بس کھائی میں گرنے سے 24 افراد ہلاک اور 18 زخمی ہو گئے تھے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 2020 میں عرب دنیا کے سب سے زیادہ آبادی والے ملک مصر کی سڑکوں پر قریباً 7,000 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔

عالمی ادارہ صحت اور عالمی بینک کے مطابق سوڈان میں 2016 سے 2019 کے درمیان سڑک حادثات سالانہ 10 ہزار ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی تھیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں