مسک اور زکربرگ کے درمیان ’مجوزہ دوبدو لڑائی‘ اٹلی کے ’تاریخی مقام‘ پرہوگی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

ٹیسلا کے مالک ایلون مسک نے کہا کہ ان کی ارب پتی حریف میٹا کے مالک مارک زکربرگ کے ساتھ مجوزہ جنگ قدیم رومن "تاریخی مقام" پر منعقد کی جائے گی۔اٹلی نے اشارہ دیا ہے کہ وہ اس ’’مقابلے‘‘ کی تیاری اور میزبانی کے لیے تیار ہے۔

اٹلی کے وزیر ثقافت گینارو سانگیولیانو نے ایک بیان میں کہا ہے کہ انھوں نے ایلون مسک سے ایک ’’بڑے خیراتی اور تاریخی طور پر حوصلہ افزا ایونٹ‘‘ کی میزبانی کے بارے میں بات کی ہے۔

انھوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ یہ تقریب کیا ہو گی یا یہ کب منعقد ہو سکتی ہے۔ البتہ صرف یہ کہا ہے کہ یہ روم میں نہیں ہو گی۔

حزب اختلاف کے سیاست دانوں نے اٹلی میں سوشل میڈیا اور ٹیکنالوجی کے صنعت کاروں کو لڑنے کی اجازت دینے کے فیصلے کی مذمت کی ہے۔سابق وزیرصنعت اور ایزیون پارٹی کے سربراہ کارلو کیلینڈا کا کہنا ہے کہ ’’مجھے یہ بات حیران کن لگتی ہے کہ اطالیہ کا ثقافتی ورثہ دوایسے ارب پتی افراد کو مہیا کیا جا رہا ہے جو خود کو احمق نوجوانوں کی طرح (کھیل میں) مشغول کرنا چاہتے ہیں‘‘۔

انھوں نے کہا کہ ’’ایسی چیزیں جو صرف فروخت کے لیے نہیں ہیں،ان میں سے ایک اس عظیم قوم کا وقار اور تاریخ ہے‘‘۔

مسک اور زکربرگ جون سے ایک دوسرے کو مکسڈ مارشل آرٹس (ایم ایم اے) کے مقابلے کا چیلنج کر رہے ہیں۔

ایک موقع پر مسک نے کہا تھا کہ روم کا قدیم مقام کولوسیوم اس جنگ کی میزبانی کرے گا، لیکن اٹلی نے اس سے انکار کر دیا تھا۔ تاہم میڈیا پلیٹ فارم ایکس( سابق ٹویٹر) کے مالک نے جمعہ کے روز کہا کہ اس تصادم میں اب بھی ایک قدیم رومن تھیم ہوگا۔

ان کا کہناتھا کہ ’’کیمرے کے فریم میں سب کچھ قدیم روم ہوگا، لہٰذا کچھ بھی جدید نہیں ہے، میں نے اطالوی وزیراعظم اور وزیر ثقافت سے بات کی۔ ٹیسلا کے سی ای او نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا:’’ہم نے ایک شاندار مقام پراتفاق کیا ہے‘‘۔

سانگیولیانو نے جمعہ کے روز کہا کہ ایسا کوئی مقابلہ منعقد ہوتا ہے تو وہ اٹلی کے ثقافتی ورثے کا احترام اور تحفظ کرے گا۔

انھوں نے مزید کہا کہ ’’ یہ مقابلہ روم میں نہیں ہوگا۔ سب سے بڑھ کر یہ کہ بچّوں کی بیماریوں سے نمٹنے کے لیے سہولتوں اور سائنسی تحقیق کی مد میں کئی کروڑ یورو عطیہ کیے جانے کی توقع ہے۔یہ خطیر رقم اٹلی میں بچوں کے دوبڑے اسپتالوں کو دی جائے گی‘‘۔

انھوں نے مزید کہا کہ یہ ہماری تاریخ اور آثار قدیمہ، فنکارانہ اور ثقافتی ورثے کو عالمی سطح پر فروغ دینے کا بھی ایک موقع ہوگا۔دریں اثناء اطالوی اخبار کوریئر ڈیلا سیرا کا کہنا ہے کہ اگر یہ لڑائی ہوتی ہے تو یہ نیپلز کے قریب واقع پومپیو میں ہو سکتی ہے۔

ایلون مسک نے 20 جون کو ایک پوسٹ میں زکربرگ کو یہ پیغام دیا تھا کہ وہ اپنے کاروباری حریف کے ساتھ ’’پنجرے کے میچ کے لیے تیار‘‘ہیں

زکربرگ نے اس کے ایک روز بعد مسک سے مجوزہ میچ کے لیے ’’لوکیشن‘‘ بھیجنے کا کہا تھا۔میٹا کے مالک جیوجیتسو میں تربیت یافتہ ہیں اور انھوں نے اپنی کمپنی کے انسٹاگرام پلیٹ فارم پر جیتے گئے میچوں کی تصاویربھی پوسٹ کی تھیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں