بوسے کے تنازع پر فیفا کی انگڑائی؛ہسپانوی فٹ بال فیڈریشن کے صدر روبیالس عارضی معطل

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

بین الاقوامی فٹ بال فیڈریشن ایسوسی ایشن (فیفا) کی انضباطی کمیٹی نے ہسپانوی فٹ بال فیڈریشن (آر ایف ای ایف) کے سربراہ لوئس روبیالس کو 90 دن کے لیے عارضی طور پر معطل کر دیا ہے۔انھوں نے خواتین کے فٹ بال عالمی کپ میں اسپین کی فتح کے بعد کھلاڑی جینی ہرموسو کو بھینچا،ان کا چہرہ پکڑا اور ان کے ہونٹوں کا بوسہ لیا تھا۔

روبیالس سے توقع کی جا رہی تھی کہ وہ جمعہ کے روز اپنے استعفے کا اعلان کریں گے لیکن اس کے بجائے انھوں نے کہا کہ وہ عہدہ نہیں چھوڑیں گے اور آر ایف ای ایف نے ان کے دفاع کے لیے قانونی کارروائی کی دھمکی دی جب ہرموسو نے کہا تھا کہ وہ اس بوسہ پر رضامند نہیں تھیں۔

دریں اثناء ہفتے کے روز فیفا کی ڈسپلنری کمیٹی کے چیئرمین کے جاری کردہ بیان میں کہاگیا ہے کہ لوئس روبیالس کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر فٹ بال سے متعلق تمام سرگرمیوں سے عارضی طور پرمعطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انضباطی کمیٹی نے روبیالس اور آر ایف ای ایف کے عہدے داروں اور ملازمین کو بھی حکم دیا کہ وہ ہرموسو یا اس کے آس پاس کے لوگوں سے رابطہ کرنے کی کوشش سے گریز کریں۔

ورلڈ کپ جیتنے والی ہسپانوی خواتین کی قومی فٹ بال ٹیم کے ساتھ ساتھ کئی دیگر کھلاڑیوں نے کہا ہے کہ جب تک روبیالس فیڈریشن کے سربراہ ہیں، وہ بین الاقوامی میچ نہیں کھیلیں گی۔

فیفا ڈسپلنری کمیٹی کے چیئرمین کی جانب سے اپنائے گئے فیصلے سے آر ایف ای ایف لوئس روبیالس اور یورپی فٹ بال باڈی یویفا کو آگاہ کردیا گیا ہے۔کمیٹی نے کہا کہ وہ حتمی فیصلہ ہونے تک تادیبی کارروائی کے بارے میں مزید معلومات فراہم نہیں کرے گی۔

آر ایف ای ایف کی طرف سے فوری طور پر کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا۔ خبر رساں ادارے رائٹرز نے تبصرے کے لیے یوئیفا سے رابطہ کیا ہے جہاں روبیالس نائب صدر ہیں۔اس تنظیم نے بھی فوری طور پر کوئی بیان جاری نہیں کیا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں