سعودی فرمانروا اور ولی عہد کی لیبیا میں سیلاب متاثرین کو امداد مہیّا کرنے کی ہدایت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے شاہ سلمان انسانی امداد اور ریلیف مرکز(کے ایس ریلیف) کو لیبیا میں تباہ کن سیلاب سے متاثرہ افراد کو امداد مہیّا کرنے کی ہدایت کی ہے۔

کے ایس ریلیف کے نگران اعلیٰ عبداللہ بن عبدالعزیز الربیعہ نے کہا کہ یہ اقدام اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ سعودی عرب برادر اور دوست ممالک کو مصیبت کی ہر گھڑی میں اور وقتِ ضرورت مسلسل مدد ومعاونت مہیّا کرتا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ سعودی عرب کی جانب سے یہ امداد لیبیا کی انجمن ہلال احمر اور لیبیا میں کام کرنے والی انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں کے تعاون سے مہیّا کی جائے گی۔

بحرمتوسط میں آنے والے طوفان دانیال نے اتوار کے روز لیبیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔اس کے نتیجے میں کئی مشرقی قصبوں اورشہروں میں سیلاب آگیا تھا لیکن اس سے مشرقی شہر درنہ سب سے زیادہ متاثر ہوا تھا۔

لیبیاکے محکمہ صحت کے ایک عہدہ دار نے جمعرات کے روز بتایا کہ تباہ کن سیلاب کے نتیجے میں کم سے کم 5،100 افراد ہلاک ہوئے ہیں اور سرچ ٹیموں نے متاثرہ علاقوں میں تلاشی کے دوران ہزاروں افراد کو اجتماعی قبروں میں دفن کر دیا ہے۔

مشرقی لیبیا میں ایک ایمبولینس مرکز کے ترجمان اسامہ علی کا کہنا ہے کہ درنہ میں ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا اندیشہ ہے کیونکہ کم سے کم نو ہزار افراد اب بھی لاپتا ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں