سعودی مملکت کے 93ویں قومی دن کے موقع پر عرب رہنماؤں کے سعودی قیادت کو تہنیتی پیغامات

سربراہان نے سعودی مملکت کی حالیہ ترقی اور کامیابیوں کا بھی ذکر کیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

بحرین کے شاہ حمد نے جمعہ کے روز سعودی عرب کے شاہ سلمان کو مملکت کے 93 ویں قومی دن کے موقع پر مبارکباد دی۔

شاہ حمد نے ایک ٹیلی گرام بھیجا جس میں انہوں نے مضبوط تزویراتی شراکت داری کی روشنی میں دونوں مملکتوں اور ان کے عوام کے درمیان تاریخی طور پر قریبی برادرانہ تعلقات کی گہرائی کو نمایاں کیا اور اپنے ملک کی مستقل اور گہری خواہش کا اعادہ کیا کہ وہ اپنے مضبوط رشتوں اور نتیجہ خیز تعاون کو ترقی اور تقویت کے لیے جاری رکھیں گے۔

انہوں نے شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت میں مملکت کی ان کوششوں کی تعریف کی جس سے خطے میں ترقی اور اقتصادی خوشحالی کو اس طرح فروغ دیا جائے کہ آئندہ نسلوں کے بہتر مستقبل کی تعمیر میں مدد کے لیے سلامتی، استحکام، امن اور خوشحالی کو فروغ ملے۔

بحرین کے ولی عہد شہزادہ سلمان بن حمد نے سعودی فرمانروا اور ولی عہد کو دو ٹیلی گرام بھیجے جس میں انہوں نے ان دونوں کو قومی دن پر مبارکباد دی اور اپنے ملک کی خواہش کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک موجودہ تعاون میں اضافہ جاری رکھیں۔ یاد رہے کہ 23 ستمبر 1932 کو شاہ عبدالعزیز کی جانب سے سعودی عرب کے قیام کی یاد میں ہر سال یہ دن منایا جاتا ہے۔

امیرِ کویت شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح نے شاہ سلمان کو مبارکباد کا پیغام بھیجا جس میں انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی گہرائی اور اُس ٹھوس مؤقف کا ذکر کیا جو کویت سمیت عرب اور اسلامی ممالک کو متأثر کرنے والے مسائل کے لیے سعودی مملکت نے اختیار کیا۔

بادشاہ کے دور میں متعدد شعبوں میں مملکت کی شاندار ترقی پر بھی امیرِ کویت نے فخر کا اظہار کیا جس کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اس ترقی سے سعودی ملت کی حیثیت اور تصور بین الاقوامی سطح پر بلند ہوا۔

انہوں نے شاہ کی قیادت میں اور ولی عہد کی حمایت سے سعودی عرب کے لیے مزید ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

کویت کے ولی عہد شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح اور وزیرِاعظم شیخ احمد نواف الاحمد الصباح نے بھی اسی طرح کے پیغامات بھیجے جس میں بادشاہ کو مبارکباد دی اور مملکت کی ہر سطح پر ترقی اور کامیابیوں کی تعریف کی گئی۔

امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد نے بھی ایسا ہی مبارکبادی پیغام شاہ سلمان کو بھیجا جیسا ملک کے نائب امیر شیخ عبداللہ بن حمد اور وزیرِ خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمٰن بن جاسم نے بھیجا تھا۔

عمان کے سلطان ہیثم بن طارق نے شاہ سلمان کو قومی دن کے موقع پر مبارکباد دی اور سعودی عوام کے لیے مزید ترقی اور خوشحالی کے ساتھ ساتھ حکمران کی اچھی صحت، خوشی اور درازئ عمر کے لیے نیک مخلصانہ خواہشات کا اظہار کیا۔ اردن کے شاہ عبداللہ دوم نے بھی بادشاہ کو ایک ٹیلی گرام بھیجا جس میں انہوں نے دلی مبارکباد کا اظہار کیا۔

عرب لیگ کے قانون ساز ادارے عرب پارلیمنٹ کے اسپیکر عادل العسومی نے سعودی فرمانروا اور ولی عہد کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا: "اس دن ہم مرحوم بانی بادشاہ کی طرف سے کئے گئے پرشکوہ اتحاد کو یاد کرتے ہیں جو ایک نقطۂ آغاز اور تعمیری عمل تھا۔ یہ سلطنت کی آئندہ نسلوں تک پہنچا تاکہ مضبوط اور ٹھوس بنیادوں پر مبنی ایک جدید ریاست تعمیر کی جائے جس کے دوران مملکت نے بہت سے شعبوں میں برتری حاصل کی۔"

انہوں نے مزید کہا کہ قومی دن تعمیر و ترقی کے عمل کی انتہا کی نشاندہی کرتا ہے جس کے ذریعے مملکت نے ایک جامع معاشی نشاۃِ ثانیہ حاصل کی ہے جس سے شہریوں کے معیارِ زندگی کو بلند کرنے میں مدد ملی ہے۔

العسومی نے مملکت میں ترقی کے ان عظیم منصوبوں کا بھی ذکر کیا جو اسے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کرنے میں مدد دے رہے ہیں۔ اور انہوں نے ساتھ ہی سعودی قیادت کی ان عظیم کوششوں کا بھی ذکر کیا جو اس نے اپنے مؤثر علاقائی اور بین الاقوامی کردار کے حصے کے طور پر اپنی پوزیشن کو مضبوط کرنے اور خطے میں سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے کی ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں