پاکستان، چین اور روس کے ساتھ میڈیا تعاون کے فروغ کا خواہاں

نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا ایس سی او کے ٹی وی فیسٹیول کے شرکا سے خطاب، روسی نائب وزیر اطلاعات سے ملاقات

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
4 منٹس read

پاکستان کے نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے ثقافتی وابستگی کو فروغ دینے کے لیے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے رکن ممالک کی میڈیا تنظیموں کے درمیان مشترکہ پروڈکشنز اور دستاویزی فلموں کی تیاری سمیت مختلف شعبوں میں روابط بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن کی حیثیت سے پاکستان میڈیا تعاون کے فروغ کے لئے پرعزم ہے، مشترکہ پروڈکشنز رکن ممالک کی ثقافت اور سیاحت کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوں گی اور رکن ممالک ایک دوسرے کے تجربات اور جدید ٹیکنالوجی سے مستفید ہو سکیں گے۔

منگل کو شنگھائی تعاون تنظیم کے ٹی وی فیسٹیول کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان اور چین اس سال سی پیک کی دسویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ سات دھائیوں پر مشتمل پاک چین دوستی کا یہ شاندار سفر انفرادی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے لئے آہنی برادر کا درجہ رکھتے ہیں اور ان کے درمیان ثقافتی روابط صدیوں پرانے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے فریم ورک سے یہ روابط مزید مستحکم ہوئے ہیں۔

نگران وفاقی وزیر نے کہا کہ سی پیک دونوں ممالک کے مابین تاریخی معاشی تعاون کی شکل اختیار کئے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان نے 2023ءکو دونوں ممالک کے درمیان سیاحتی تبادلوں کا سال قرار دیا ہے جس کا مقصد عوامی سطح پر وفود کے تبادلوں کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ متحرک سیاحت اور ثقافتی ماحولیاتی نظام تشکیل دینا ہے۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) خطے کے رکن ممالک کے لئے سماجی، اقتصادی، مواصلات، میڈیا اور ثقافتی شعبوں میں جامع اور پائیدار تعاون کے فروغ کے لئے مفید اور امید افزا پلیٹ فارم ہے، ریڈیو، ٹیلی ویژن اور دیگر آڈیو وژیول مصنوعات کے شعبوں میں شنگھائی تعاون تنظیم کے ارکان کے درمیان تعاون تنظیم کی کامیابی کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن کی حیثیت سے پاکستان میڈیا تعاون کے فروغ کے لئے پرعزم ہے۔ مرکزی میڈیا اور سوشل میڈیا میں تعاون عوامی سطح پر روابط کے فروغ کے لئے اہم کردار ادا کرے گا۔

نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کی میڈیا تنظیموں کو پاکستان کے ساتھ مشترکہ پروڈکشن اور دیگر منصوبوں میں شراکت داری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ایس سی او کے رکن ممالک ایک دوسرے کے تجربات اور جدید ٹیکنالوجی سے مستفید ہو سکتے ہیں، مشترکہ پروڈکشنز ہمارے ممالک کی ثقافت اور سیاحت کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوں گی۔

روس کی نائب وزیر اطلاعات کی ملاقات

ادھر چین میں اپنے قیام کے دوران نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے روس کی نائب وزیر اطلاعات بیلا چریکسووا سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور روس کے ذرائع ابلاغ کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے روس کے ساتھ مشترکہ پروڈکشن اور تربیتی پروگرامز کے آغاز پر زور دیا۔ مرتضیٰ سولنگی نے روسی نائب وزیر اطلاعات کو پاکستان کے دورہ کی دعوت بھی دی جو انہوں نے قبول کرلی۔

اس موقع پر روسی نائب وزیر اطلاعات نے کہا کہ روس پاکستان کے ساتھ میڈیا کے علاوہ بھی دیگر شعبہ ہائے زندگی میں تعاون کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ روس میں پاکستانی ڈراموں کو خاص مقبولیت حاصل ہے۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین ڈراموں اور دیگر پروڈکشن کے تبادلہ پر بھی غور وخوض کیا گیا۔ نگران وفاقی وزیر مرتضیٰ سولنگی نے خطے کے امن کے لئے روس کی خدمات کو سراہا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں