فلسطین اسرائیل تنازع

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل غزہ پر مفلوج ہے: گوتیریس

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیریس 8 دسمبر 2023 کو اقوام متحدہ کے مرکزی دفتر میں سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کر رہے ہیں (اے ایف پی)

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیریس نے اتوار کو کہا کہ وہ غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کا مطالبہ کرنے میں سلامتی کونسل کی ناکامی پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں اور ان تقسیموں کی مذمت کرتے ہیں جنہوں نے عالمی ادارے کو ’مفلوج‘ کردیا ہے۔

قطر کے دوحہ فورم سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیریس نے کہا کہ کونسل ’جیوسٹریٹیجک تقسیم کی وجہ سے مفلوج‘ ہے جو سات اکتوبر کو شروع ہونے والی ’اسرائیل-حماس جنگ‘ کے حل کو نقصان پہنچا رہی ہے۔

غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کرنے والی قرارداد کو امریکی ویٹو سے روکنے کے دو دن بعد انہوں نے کہا کہ تنازعے پر تاخیر سے ردعمل کی وجہ سے ادارے کی ’اختیار اور ساکھ کو شدید نقصان پہنچا۔‘

انہوں نے فورم کو بتایا کہ ’میں نے انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کا اعلان کرنے کی اپنی اپیل کا اعادہ کیا۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ سلامتی کونسل ایسا کرنے میں ناکام رہی۔ ’میں وعدہ کر سکتا ہوں، میں ہار نہیں مانوں گا۔‘

حماس کے زیر انتظام علاقے کی وزارت صحت کے مطابق، گوتیریس نے دو ماہ کی لڑائی کے بعد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلایا تھا جس کے نتیجے میں غزہ میں 17 ہزار 700 سے زیادہ افراد جانن سے جا چکے ہیں جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے تھے۔

سیکریٹری جنرل نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے شاذ و نادر ہی استعمال ہونے والے آرٹیکل 99 کو کونسل کی توجہ دلانے کے لیے استعمال کیا ’کوئی بھی ایسا معاملہ جس سے ان کی رائے میں بین الاقوامی امن اور سلامتی کو خطرہ ہو۔‘

اس سے قبل کئی دہائیوں میں اقوام متحدہ کے کسی سربراہ نے اس قاعدے کا اطلاق نہیں کیا تھا۔

گوتیریش نے دوحہ فورم کو بتایا کہ ’ہمیں انسانی نظام کے خاتمے کے شدید خطرے کا سامنا ہے۔

’صورتحال تیزی سے بگڑ کر تباہی کی طرف جا رہی ہے جس کے ممکنہ طور پر پورے فلسطینیوں اور خطے میں امن و سلامتی کے لیے ناقابل واپسی اثرات مرتب ہوں گے۔‘

اسرائیل اور حماس جنگ کا آغاز فلسطینی گروپ حماس کے اسرائیل پر اچانک حملے سے ہوا تھا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں