سلامتی کونسل کی غزہ جنگ بندی میں ناکامی پر پاکستان اور ایران کا اظہار افسوس

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور ان کے ایرانی ہم منصب ابراہیم رئیسی نے غزہ میں جاری قتل عام اور انسانیت کے خلاف جرائم کے خاتمے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی ناکامی پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق دونوں ممالک کے صدور کے درمیان تقریباً 45 منٹ کی ٹیلی فونک گفتگو ہوئی۔

گفتگو میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے غزہ سمیت مقبوضہ فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت اور قبضے کے نتیجے میں پیدا ہونے والی سنگین صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ خواتین اور بچوں سمیت 19 ہزار سے زائد فلسطینیوں کی شہادتوں کے باوجود اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل جنگ بندی نافذ کرانے اور ناقابل بیان اسرائیلی مظالم کو رکوانے میں ناکام رہی ہے۔

صدر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ایک آزاد اور متصل فلسطینی ریاست جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو، پر مبنی مسئلہ فلسطین کا منصفانہ حل مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے لیے اہم ہے۔

انہوں نے اس مقصد کے لیے تمام سفارتی اقدامات کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا اور موجودہ صورتحال کے بارے میں ایران کے تحفظات اور اقدامات کو سراہا اور اسلامی ممالک کی جانب سے مربوط کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔

عارف علوی نے جموں و کشمیر کے تنازع پر اصولی مؤقف اور فلسطینی کاز کی حمایت پر بھی ایرانی قیادت کو سراہا۔

انہوں نے 15 دسمبر 2023 کو سیستان-بلوچستان میں ایرانی پولیس اسٹیشن پر ہونے والے گھناؤنے دہشت گردانہ حملے پر ایران کی حکومت اور برادر عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔

انہوں نے دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے ایران کے ساتھ مل کر کام کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

ٹیلی فونک گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ اقتصادی تعاون پر تبادلہ خیال بھی کیا۔

صدر عارف علوی نے مند-پشین بارڈر سسٹینینس مارکیٹ پلیس اور گبد-پولن بجلی کی ٹرانسمیشن لائن کے مشترکہ افتتاح کو ٹھوس پیش رفت قرار دیا، جس سے دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور ایران برادر اسلامی ممالک ہیں جن کی ثقافت، مذہب اور تاریخ ایک ہے۔

انہوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور ثقافتی تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں