اسرائیلی سٹریٹجی کے وزیر کی امریکہ میں اہم ملاقاتیں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

اسرائیلی کے سٹریٹجک امور کے وزیر رون درمیر نے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلینکن اور امریکہ کی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان سے ملاقاتیں کیں۔ واضح رہے کہ اسرائیلی وزیر جنگی حکمت عملی کے بارے میں دو طرفہ اعتماد کو بڑھانے کے لیے امریکہ آئے ہیں۔

ان کے دورے میں یرغمالیوں کی فوری رہائی کے لیے ممکنہ اقدامات، غزہ میں جنگی طوالت، جنگی ہتھیاروں سے متعلق امور اور خطے کی صورت حال میں موجود دیگر چیلنج اہم ترین نکات میں شامل ہیں۔

غزہ جنگ کے دوران کسی اہم اسرائیلی وزیر کا یہ دورہ اس موقع پر غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔ پچھلے دو ہفتوں کے دوران جیک سلیوان اور امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن ایک بار پھر اسرائیلی دورے سے ہو کر آئے ہیں۔ امریکی وزیر خارجہ بھی اسی ماہ کے شروع میں اسرائیلی سٹریٹجی کے امور کے اس وزیر سے ملاقات کر چکے ہیں، تاہم اب تازہ ملاقاتیں زیادہ اہم ہیں۔

دونوں ملک جنگ کے جاری رکھنے میں یکسو ہیں، مگر امریکہ کی طرف سے کچھ دنوں سے یہ کہا جانے لگا ہے کہ اسرائیل سرجیکل سٹرائیکس کی طرف آئے اور عام شہریوں کی ہلاکتوں سے گریز کرے کیونکہ اب عالمی سطح پر زیادہ شور اٹھنے لگا ہے۔

منگل کے روز اسرائیلی وزیر کی اہم ملاقاتیں شیڈول ہونے کے دوران ہی اسرائیلی فوجی سربراہ نے غزہ میں جنگ کو طویل کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ جبکہ کرسمس کے دنوں میں غزہ میں اسرائیلی بمباری میں ایک بار پھر شدت دیکھی گئی ہے اور مزید سینکڑوں فلسطینی شہید کیے گئے ہیں۔

ادھر مشرق وسطیٰ کے کئی دیگر ملکوں کے ساتھ بھی جنگی مخاصمت کے ماحول میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ اس لیے اسرائیلی وزیر کا یہ دورہ غیر معمولی سمجھا جا رہا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں