سڈنی: شاپنگ مال میں چاقو بردار کا حملہ، چھ افراد ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
1 منٹ read

آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں چاقو بردار شخص کے حملے میں چھ افراد ہلاک اور آٹھ زخمی ہو گئے جب کہ پولیس نے حملہ آور کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا ہے۔

خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق نیو ساؤتھ ویلز کے اسسٹنٹ پولیس کمشنر انتھونی کوک نے صحافیوں کو بتایا کہ چالیس سالہ چاقو بردار مشتبہ شخص نے ویسٹ فیلڈ شاپنگ سینٹر میں لوگوں پر حملہ کرنا شروع کیا اور جب اطلاع ملنے پر پولیس وہاں پہنچی تو ملزم پولیس کی فائرنگ سے مارا گیا۔

پولیس کے مطابق ملزم کے حملے میں ہلاک ہونے والے چھ افراد میں پانچ خواتین شامل ہیں۔ واقعے میں زخمی آٹھ افراد کو اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

کمشنر کیرن ویب کے مطابق چاقو بردار شخص کے حملے میں زخمی ہونے والوں میں ایک کمسن بچہ بھی شامل ہے جس کا آپریشن ہوا ہے۔ تاہم بچے کی صحت سے متعلق کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔

کمشنر نے میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ واقعے میں ایک شخص ملوث تھا جسے ہلاک کر دیا گیا ہے۔ تاہم یہ دہشت گردی کا واقعہ نہیں ہے۔ ان کے بقول ملزم کی شناخت کا عمل جاری ہے اور اب تک واقعے کی وجوہات جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں