برٹنی سپیئرز اور سیم اصغری باضابطہ طور پر طلاق یافتہ اور الگ الگ رہ رہے ہیں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
5 منٹس read

برٹنی سپیئرز اور سیم اصغری باضابطہ طور پر طلاق یافتہ اور الگ الگ رہ رہے ہیں۔

شادی کے تقریباً دو سال بعد لاس اینجلس کاؤنٹی کے جج نے جمعے کو دونوں کی شادی کے خاتمے کو حتمی شکل دی۔

42 سالہ پاپ سپرسٹار اور 30 سالہ ماڈل اور اداکار نے عدالت کو مطلع کیا کہ وہ طلاق کا فیصلہ کر چکے تھے جس کے چند گھنٹے بعد یہ فیصلہ سامنے آیا ہے۔ اس سے ایک ہفتہ قبل سپیئرز کا اپنے والد کے ساتھ تحویل اور نگرانی کے دیرینہ مسائل پر عدالتی تصفیہ ہو گیا تھا۔

جوڑے نے جمعرات اور جمعہ کو عدالت میں کاغذات جمع کرائے کہ وہ اپنے اثاثہ جات کی تقسیم کے بارے میں ایک معاہدے پر پہنچ گئے تھے۔

کچھ تفصیلات منظر عام پر لائی گئیں لیکن نہ سپیئرز اور نہ ہی اصغری کو مستقبل میں میاں بیوی کی حیثیت سے ایک دوسرے سے مالی اعانت ملے گی۔ اصغری نے اپنی ابتدائی درخواست میں کہا تھا کہ وہ مالی اعانت حاصل کریں گے۔ مستقبل کے کسی بھی تنازعات کو نجی ثالثی میں طے کرنا ہو گا۔

سپیئرز اور اصغری نے جولائی میں علیحدگی اختیار کر لی تھی اور سیم نے اگست میں طلاق کے لیے درخواست دائر کی۔ وہ تقریباً سات سال سے ڈیٹنگ کر رہے تھے۔

دونوں کی ایک دوسرے سے کوئی اولاد نہیں ہے اس لیے تحویل کے معاہدے کی ضرورت نہیں تھی۔ سپیئرز نے گذشتہ سال شائع ہونے والی اپنی سوانح میں لکھا تھا کہ ان کی اور اصغری کی شادی سے تقریباً ایک ماہ قبل وہ حاملہ تھیں لیکن اس کے شروع میں ہی اسقاط حمل ہو گیا تھا۔

سپیئرز اور اصغری دونوں کے وکلاء کی جانب سے تفصیلات یا تبصرے کے لیے ای میلز کا فوری طور پر جواب نہیں ملا۔

جون 2022 میں سپیئرز کے گھر میں سیلینا گومز، ڈریو بیری مور، پیرس ہلٹن اور میڈونا سمیت کئی معروف مہمانوں کے سامنے ان کی شادی کی تقریب ہوئی جسے ان کی دوبارہ حاصل کردہ زندگی میں ایک فتح مندانہ سنگِ میل قرار دیا گیا۔ وہ چند ماہ قبل اپنے والد کی تحویل اور نگرانی کے عدالتی فیصلے سے آزاد ہوئی تھیں جس نے 13 سال سے زیادہ عرصے تک ان کی زندگی اور مالی معاملات کو کنٹرول کیا۔

لیکن وہ صرف ایک سال بعد ہی الگ ہو گئے۔

گذشتہ جمعہ کو برٹنی سپیئرز اور ان کے والد جیمی سپیئرز نے اس قانونی کارروائی سے ہونے والے دیرینہ مسائل پر ایک تصفیہ کر لیا۔ اس طرح وہ ایک طویل، خراب اور انکشافات کرنے والے مقدمے سے بچ گئے جو اس مہینے کے آخر میں شروع ہونے والا تھا۔

سپیئرز نے عوامی سطح پر علیحدگی کے بارے میں بہت کم بات کی ہے۔

طلاق کا مقدمہ دائر کرنے کے فوراً بعد ایک انسٹاگرام پوسٹ میں انہوں نے کہا، "میں یہاں وجہ کی وضاحت کرنے کے لیے نہیں ہوں کیوںکہ ایمانداری سے یہ معاملہ (میرا ہے)، کسی کا نہیں!!! لیکن دیانتداری کی بات یہ ہے کہ میں مزید درد برداشت نہیں کر سکتی!!!"

اصغری کے طلاق کا مقدمہ دائر کرنے کے دو ماہ بعد جاری ہونے والی اپنی سوانح "دی وومن ان می" میں سپیئرز نے اصغری کے بارے میں صرف مختصر اور مثبت بات کی ہے۔ وہ بیان کرتی ہیں کہ اصغری نے ان کا ہاتھ تھام رکھا تھا جب انہوں نے ایک اہم سماعت کے دوران جج سے فاصلاتی خطاب کیا۔ اس مقدمے نے سپیئرز کے لیے ان کے والد کی تحویل اور نگرانی ختم کرنے میں مدد کی۔

کیلیفورنیا میں طلاق کا مقدمہ دائر کرنے والوں کی اکثریت کی طرح اصغری نے ناقابلِ مصالحت اختلافات کو علیحدگی کی وجہ قرار دیا۔

یہ سپیئرز کی تیسری شادی تھی۔ سابقہ شوہر کیون فیڈرلین سے ان کے دو نوعمر بیٹے ہیں جن سے ان کی شادی 2004 سے 2007 تک رہی تھی اور یہ ایک ایسا وقت تھا جب میڈیا کی طرف سے شدید جانچ پڑتال اور تفتیش ان کے لیے جذباتی مشکلات کا باعث بنی۔

سپیئرز کی شادی 2004 میں بچپن کے دوست جیسن الیگزینڈر سے ہوئی جو تین دن سے بھی کم عرصہ قائم رہی۔ الیگزینڈر نے اصغری کے ساتھ ان کی شادی کو ناکام بنانے کی کوشش کی تھی اور بعد میں انہیں بدعنوانی، بے جا مداخلت اور جسمانی ایذا پہنچانے کے جرم میں سزا سنائی گئی تھی۔

سپیئرز کی ماڈل اور اداکار اصغری سے ملاقات ہوئی اور دونوں نے ڈیٹنگ شروع کر دی جب انہوں نے 2016 میں سپیئرز کے گانے "سلمبر پارٹی" کی ویڈیو میں اداکاری کی۔

انہوں نے اصغری سے شادی کی خواہش کو ایک وجہ قرار دیا کیونکہ وہ اپنے والد کی تحویل اور نگرانی سے آزادی چاہتی تھیں جس کے بارے میں انہوں نے کہا کہ وہ اسے روکنے کی وجہ تھی۔ دونوں نے ستمبر 2021 میں اپنی منگنی کا اعلان کیا۔

والد کی تحویل ختم ہونے کے بعد سپیئرز نے 2022 میں ایلٹن جان کے ساتھ تعاون سمیت موسیقی جاری کی ہے۔ لیکن انہوں نے سالوں سے اپنے فن کا لائیو مظاہرہ نہیں کیا اور انہوں نے کہا، ان کا پرفارم کرنے یا نیا البم بنانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں