.

حماس اور جہاد اسلامی کا اسرائیل پر میزائل حملہ

حملہ 'دشمن کے مسلسل جرائم' کے جواب میں کیا گیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے عسکری ونگ عزالدین القسام نے ایک اخباری بیان میں دعوی کیا ہے کہ تنظیم نے جہاد اسلامی کے ملٹری ونگ سرایا القدس کے ساتھ ملکر جنوبی اسرائیل پر متعدد میزائل داغے ہیں۔

بیان کے مطابق یہ کارروائی 'دشمن کے مسلسل جرائم' کے جواب میں پیر کو علی الصباح عمل میں آئی۔ بیان میں کہا گیا ہے: "رفح پر حالیہ اسرائیلی فضائی حملے کے جواب میں عزالدین القسام بریگیڈ اور سرایا القدس نے اسرائیلی دشمن کے فوجی ٹھکانوں پر متعدد میزائل داغے ہیں۔" بیان کے مطابق: "یہ مبارک آپریشن دراصل دشمن کی جانب سے ہمارے بے گناہ شہریوں کے خلاف مسلسل مجرمانہ حملوں کا جواب ہے۔"

غزہ میں وزارت صحت کے ترجمان نے بتایا کہ اتوار کی شب جنوبی غزہ کی پٹی میں رفح کے علاقے پر اسرائیلی فضائی حملے میں پانچ بچوں سمیت دس فلسطینی زخمی ہوئے۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ اسرائیل کے بغیر پائیلٹ جاسوسی طیارے سے رفح کی البرازیل کالونی میں موٹر سائیکل پر سوار دو نوجوانوں کو نشانہ بنانے کے لئے میزائل داغے گئے۔ اسرائیلی فوج نے اس حملے کی تصدیق کی ہے۔