.

اسرائیلی کنیسٹ تحلیل، نئے پارلیمانی انتخابات جنوری 2013ء میں کرانے کا اعلان

120 رکنی ایوان کے 100 ممبران نے تحلیل کے حق میں ووٹ دیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
اسرائیلی پارلیمنٹ [کینسٹ] کو پیر کی شب ہونے والے اجلاس میں تحلیل کر دیا گیا۔ کنیسٹ کے نئے انتخابات کے لیے 22 جنوری 2013ء کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔



تل ابیب حکومت کے ذرائع کے مطابق پارلیمنٹ کے آخری اجلاس میں اراکین نے تحلیل کے لئے ہونے والی رائے شماری میں حصہ لیا۔ پارلیمنٹ تحلیل کرنے کے لیے تین مرتبہ رائے شماری کی گئی۔ پہلی اور دوسری رائے شماری میں 120 میں سے 99 ارکان نے حمایت کی جب کہ تیسری رائے شماری میں 100 ارکان نے پارلیمنٹ تحلیل کرنے کے حق میں فیصلہ دیا۔ جس کے بعد پارلیمنٹ تحلیل کر دی گئی۔



نئے پارلیمانی انتخابات تک وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کی حکومت ہی نگراں سیٹ اپ سنبھالے گی لیکن اس کے ساتھ ساتھ نیتن یاہو اپنی جماعت 'لیکوڈ' کے لیے جلد ہی انتخابی مہم بھی شروع کریں گے۔



مبصرین کا خیال ہے کہ گرما گرم علاقائی سیاسی ماحول اور عالمی اقتصادی بحران کے باعث نیتن یاہو ہی کی جماعت کی نئے انتخابات میں کامیابی کی توقعات ہیں۔ اگرچہ وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کی جماعت کلین سویپ تو نہیں کرسکے گی البتہ دیگر جماعتوں کے ساتھ مل کر مخلوط حکومت بنانے کی پوزیشن حاصل کر سکتی ہے۔