.

غزہ کی پٹی میں اسرائیلی میزائل حملے جاری، یو این کی مذمت

معاملہ ٹھنڈا کرنے کی خاطر اوباما کے مرسی، یاہو سے رابطے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
العربیہ کے نامہ نگار نے اپنے مراسلے میں بتایا ہے کہ غزہ سے جنوبی اسرائیل کی کریات میونسپلٹی پر داغے جانے والے راکٹوں کی زد میں آ کر ایک اسرائیلی شہری ہلاک اور تین دوسرے زخمی ہو گئے جبکہ اسرائیلی ٹی وی نے اسی علاقے میں عمارت پر گرنے والے راکٹ سے تین شہریوں کی ہلاکت کی خبر دی ہے۔

ادھر فلسطینی میڈیکل ذرائع کا کہنا ہے کہ جمعرات کو علی الصباح جنوبی غزہ کی پٹی میں خانیونس شہر میں اسرائیلی لڑاکا جہازوں نے ایک موٹر سائیکل کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں تین فلسطینی شہری شہید ہو گئے۔ اسرائیل کے غزہ کی پٹی پر میزائل حملوں کے بعد شہر کی گلیاں میدان جنگ کا منظر پیش کر رہی ہیں۔ دوسری جانب فلسطینی مزاحمت کاروں کے اسرائیل پر جوابی میزائل حملوں سے ملک کے طول و عرض میں صف ماتم بچھی ہوئی ہے۔

فلسطینی ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق بدھ کے میزائل حملے میں عزالدین القسام بریگیڈ کے کمانڈر کی شہادت کا بدلا لینے کے لئے حماس کے عسکری ونگ نے جمعرات کے روز اسرائیلی شہر مجدل پر پانچ گراڈ میزائل داغے ہیں۔ کریات جات نامی یہودی بستی پر بھی القسام نے پانچ گراڈ میزائل فائر کئے ہیں۔

بند کمرے میں اجلاس

درایں اثنا اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان غزہ کی پٹی میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کا جائزہ لینے کے لئے اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کا بند کمرے میں اجلاس ہو رہا ہے۔ سفارتکاروں کا کہنا ہے کہ بند کمرے کے اس اجلاس میں اسرائیل اور فلسطینی نمائندے شریک ہوں گے۔

ادھر یو این میں سعودی عرب کے مستقل مندوب عبداللہ العلمی نے کہا کہ عالمی ادارے کی سیکیورٹی کونسل کے اجلاس میں عرب ملکوں کے سفرا فلسطینی عوام سے بھرپور اظہار یکجہتی کریں گے۔

اقوام متحدہ میں اسرائیل کے مستقبل مندوب رون پروسور نے اس رائے کا اظہار کیا ہے کہ اسرائیل غزہ پر حملہ ہر قیمت پر جاری رکھے گا کیونکہ تل ابیب کو جنوبی اسرائیل میں اپنے شہریوں کا دفاع عزیز ہے۔

عالمی ادارے میں فلسطینی سفیر ریاض منصور کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے غزہ کی پٹی میں نہتے فلسطینوں پر فضائی حملے ایک ایسے وقت کر رہا ہے کہ جب فلسطینی یو این کی رکنیت حاصل کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔

امریکی صدر براک اوباما نے کشیدگی کے خاتمے کیلیے مصر کے صدر محمد مرسی اور اسرائیلی وزیر اعظم ایہود بارک سے رابطے کیے ہیں۔