.

مصری صدر مشروط طور پر ریفرینڈم مؤخر کرنے پر تیار

انتخاب کمیٹی نے بیرون ملک ریفرینڈم ملتوی کرنے کی اجازت دے دی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مصر کے نائب صدر محمود مکی کے مطابق انتخابات کمیٹی نے جمعہ کی شب آج بروز ہفتہ بیرون ملک مقیم مصریوں کے لئے ریفرینڈم پر ووٹنگ مؤخر کر دی ہے۔ انہوں نے اس بات کا بھی عندیہ دیا کہ اگر ریفرینڈم کے خلاف سرگرم سیاسی جماعتیں صدر کے فیصلوں کو چیلنج نہ کرنے کی یقین دہانی کراتی ہیں تو ایسے میں صدر مرسی دستور کے حوالے سے ریفریںڈم ملتوی کرنے کو تیار ہیں۔

خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' سے بات کرتے ہوئے محمود مکی نے بتایا کہ انتخاب کمیٹی نے وزیر خارجہ کی درخواست پر دو روز قبل ہی بیرون ملک مقیم مصریوں کے لئے ریفرینڈم ملتوی کر دیا گیا ہے۔ مصری ذرائع ابلاغ نے انتخاب کمیٹی کے حوالے سے بتایا کہ آج [ہفتہ] کو بیرون ملک مصریوں کے لئے ریفرینڈم پر ووٹنگ بدھ تک ملتوی کر دی گئی ہے۔

محمود مکی نے مزید کہا کہ وزیر خارجہ نے انتخاب کمیٹی کے توسط سے ریفرینڈم پر ووٹنگ مؤخر اس لئے کی تاکہ ووٹنگ کا عمل بہ طریق احسن مکمل کیا جا سکے۔ بیرون ملک بالخصوص خلیجی ملکوں سے ملنے والی رپورٹس کی روشنی ریفرینڈم ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا کیونکہ ریفرینڈم کے انتظامات کے لئے ابھی کچھ مزید وقت درکار تھا۔

اخباری اطلاعات میں بتایا گیا تھا کہ بیرون ملک مصری سفارتکاروں نے ملک میں جاری سیاسی بحران کے تناظر میں ریفرینڈم کی نگرانی سے معذرت ظاہر کر لی تھی۔ تاہم بیرون ملک ریفرینڈم کے التوا کے مصر میں 15 دسمبر کو ہونے والے ریفرینڈم پر کیا اثرات مربت ہو سکتے ہیں، اس کی وضاحت فی الوقت ممکن نہیں ہو سکی۔