.

عبوری حکومت کے قیام کی خاطر مشورے جاری ہیں معاذ الخطیب

"اتحاد ملک میں انتخاب کے ساتھ ہی تحلیل ہو جائے گا"

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
شامی قومی اتحاد کے سربراہ معاذ الخطیب نے کہا ہے کہ عبوری حکومت کی تشکیل کے لئے اپوزیشن سے مشاورت جاری ہے۔ اپنے ویڈیو خطاب میں معاذ الخطیب نے تمام اپوزیشن جماعتوں کو اپنی صفوں میں اتحاد قائم کرنے پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وحشی حکومت نے تمام لوگوں پر عرصہ حیات تنگ کر رکھا ہے۔ شامی عوام کو آگ کی بھٹی میں ڈال دیا گیا ہے۔ حکمرانوں نے فوج اور ملک دونوں کو تباہی سے دوچار کر رکھا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قومی اتحاد کا مقصد کرسیوں کی بندر بانٹ نہیں۔ یہ اتحاد شام میں آزاد انتخابات کے ساتھ ہی تحلیل ہو جائے گا۔ معاذ الخطیب نے کہا کہ قومی اتحاد زیادہ سے زیادہ لوگوں سے اپنے لئے قانونی جواز حاصل کرنے کی کوشش کرے گا تاکہ پیش آئند مرحلہ عبوری حکومت قائم کر کے چلایا جا سکے۔

معاذ الخطیب نے کہا کہ ہماری انتہائی سنجیدہ اور مخلصانہ کوشش یہ بھی ہے کہ جلد از جلد ملکی عدلیہ کا ڈھانچہ بحال ہو تاکہ پیدا ہونے والا خلا پر ہو سکے۔ انہوں نے بتایا کہ بشار الاسد کے کنڑول سے آزاد کرائے علاقوں کو انارکی سے بچانے کے لئے وہاں پر قانون نافذ کرنے والے ادارے کام کر رہے ہیں۔

شامی قومی کونسل کے سربراہ نے جیش الحر کے جنگجوؤں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پرامن انقلاب ابھی جاری ہے۔ یہ بشار الاسد حکومت ہی تھی کہ جس نے عوام کو اسلحہ اٹھانے پر مجبور کیا۔

جیش الحر بہت سے گروپوں پر مشتمل فورس ہے جس کا مقصد شام کی قومی وحدت کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شامی عوام کسی بھی جانب سے ملک کو تقسیم کرنے کی سازش ناکام بنا دیں گے۔ ویڈیو بیان کے اختتام پرانہوں نے شامی مسلمانوں، عیسائیوں، علویوں اور درروز پر اپنی صفوں میں اتحاد قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔