.

مصر ججوں کی قلت کا حل، ریفرینڈم دو مراحل میں کرانے کا اعلان

'پہلا مرحلہ 15 جبکہ دوسرا 22 دسمبر کو ہو گا'

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مصر میں ججوں کی اکثریت کے پندرہ دسمبر کو آئین میں ترمیم سے متعلق ریفرینڈم کی نگرانی سے انکار کے صدر محمد مرسی نے ریفرینڈم دو مرحلوں میں کرانے کا اعلان کیا ہے۔ صدارتی فرمان کے مطابق پہلا مرحلہ 15 دسمبر بروز ہفتہ جبکہ دوسرا مرحلہ 22 دسمبر کو منعقد ہو گا۔

مصری ذرائع ابلاغ نے سپریم الیکشن کمیٹی کے جنرل سیکرٹریٹ کے سربراہ جسٹس محمود ابوشوشہ کے حوالے سے بتایا ریفرینڈم کو دو مراحل میں منعقد کرنے کا فیصلہ ججوں کی کمی کے باعث الیکشن کمیشن کی درخواست پر کیا گیا ہے۔ ریفرینڈم کو دو مراحل میں منعقد کرنے کا فیصلہ وقت کی کمی کے بھی پیش نظر کیا گیا ہے۔

مؤقر مصری روزنامے 'الیوم السابع' کے مطابق پہلے مرحلے میں قاہرہ، اسکندریہ، دقھلیہ، غربیہ، الشرقیہ، اسیوط، سوھاج، اسوان اور شمالی و جنوبی سینا میں ریفرینڈم کرایا جائے گا جبکہ دوسرے مرحلے میں قنا، بنی یوسف، المنیا، المنوفیہ، البحیرہ، دمیاط، الوادی الجدید، البحر الاحمر، الفیوم، کفر الشیخ، جیزہ، پورٹ سعید، سوئز، مطروح، الاقصر، القلیوبیہ اور الاسماعیلہ میں کرایا جائے گا۔

قاہرہ کے معیاری وقت کے مطابق منگل اور بدھ کے درمیان شب مصری تارکین وطن نے ریفرینڈم میں ووٹ ڈالنے کا سلسلہ شروع کیا۔ العربیہ سے بات کرتے ہوئے پر ایک عدالتی عہدیدار محمد عطیہ نے بتایا کہ قانون کے مطابق ریفرینڈم کے نتیجے کا اعلان اسی روز کیا جا سکتا ہے تاکہ دھاندلی کے امکانات ختم ہو جائیں۔