.

شامی جنگی طیاروں کی فلسطینی مہاجر کیمپ پر بمباری،8 ہلاک

یرموک کیمپ میں واقع مسجد پر میزائل حملہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
شام کے جنگی طیاروں نے دارالحکومت دمشق کے نواح میں واقع فلسطینی مہاجرین کے کیمپ پر بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں آٹھ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں اور ایک مسجد کو نقصان پہنچا ہے۔

لندن میں قائم شامی آبزرویٹری برائے انسانی حقوق کی اطلاع کے مطابق صدربشارالاسد کی فوج کے ایک جنگی طیارے نے فلسطینی مہاجرین کے یرموک کیمپ میں واقع ایک مسجد پر راکٹ داغا۔وہاں دمشق کے نواحی علاقوں میں باغیوں اور فوج کے درمیان لڑائی کے بعد بے گھر ہونے والے شہری مقیم تھے۔

آبزرویٹری کے مطابق جنگی طیاروں نے یرموک کیمپ میں واقع الباسل اسپتال پر بھی بمباری کی ہے اور اس سے متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔شامی فوج نے کیمپ کے نواحی علاقوں الحجرالاسود اور اصالی پر بھی بمباری کی ہے۔ان علاقوں میں شامی فوجیوں اور باغیوں کے درمیان شدید لڑائی ہورہی ہے۔

آبزوریٹری کے سربراہ رامی عبدالرحمان کا کہنا ہے کہ ''فوج دمشق کے جنوب میں واقع علاقوں میں باغیوں کو دبانے کے لیے اپنی مہم میں تیزی لارہی ہے اور اسے اس حقیقت کا ادراک ہے کہ وہ فضائی قوت کے استعمال کے بغیر باغی جنگجوؤں کے خلاف لڑ نہیں سکتی ہے۔انھوں نے مزید بتایا کہ فلسطینی دوحصوں میں بٹے ہوئے ہیں۔ان میں سے بعض شامی صدر بشارالاسد کی حمایت میں سرکاری فوج کے ساتھ مل کر باغیوں سے لڑ رہے ہیں اور بعض اسدی فوج کے خلاف صف آراء ہیں اور حزب اختلاف کی حمایت کررہے ہیں۔