.

یو اے ای دہشت گردی کی سازش میں ملوث سیل کے ارکان گرفتار

گرفتار افراد کا تعلق یو اے ای اور سعودی عرب سے ہے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
متحدہ عرب امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ''وام'' نے اطلاع دی ہے کہ ملک میں دہشت گردی پھیلانے کا ایک منصوبہ ناکام بنا دیا گیا ہے۔اس سلسلے میں یو اے ای اور سعودی عرب سے تعلق رکھنے والے سیل کے ارکان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

وام کے مطابق دہشت گردی کی سازش میں ملوث افراد کی گرفتاری سعودی عرب کی مدد سے عمل میں آئی ہے۔ دہشت گردی سیل کے ارکان نے اپنی کارروائیوں کے لیے گولہ بارود اور دوسرا سامان جمع کر رکھا تھا۔

وام کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دہشت گردی سیل کے ارکان سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے علاوہ دوسری ریاستوں میں بھی دہشت گردی کے حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے اور انھوں نے اس مقصد کے لیے بارودی مواد اور آلات کو درآمد کیا تھا۔

سیل سے وابستہ افراد کا تعلق ایک منحرف گروپ سے بتایا گیا ہے۔ واضح رہے کہ سعودی عرب کے حکام ''منحرف گروپ'' کی اصطلاح بالعموم القاعدہ سے وابستہ افراد کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

متحدہ عرب امارات میں اس سال کے دوران اب تک ساٹھ سے زیادہ مقامی اسلام پسندوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ان افراد کا تعلق ایک اسلامی گروپ الاصلاح سے تھا۔

مقامی میڈیا نے ستمبر میں اطلاع دی تھی کہ اس گروپ کے گرفتار ارکان نے ایک خفیہ مسلح تنظیم کے قیام کا اعتراف کیا تھا اور ان کا مقصد طاقت کے ذریعے اقتدار حاصل کرکے ایک اسلامی ریاست قائم کرنا تھا۔