.

شامی بچوں اور ماؤں کی مشکلات کا احساس کریں رشا الاخرس

اسماء اسد کے نام کزن کا جذباتی خط

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
شامی خاتون اول اسماء اسد کی چچا زاد بہن نے شامی انقلاب کی کامیابی کی بشارت دی ہے۔ اپنے خط میں رشا الاخرس نے خاتون اول پر زور دیا کہ وہ شامی بچوں کو درپیش مصائب کا ادراک کریں۔ انہوں اسماء اسد سے کہا کہ وہ بشار الاسد کے حکم پراپنے جگر گوشے کھونے والی ماؤں کا دکھ محسوس کریں۔

ان خیالات کا اظہار رشا الاخرس نے اسماء اسد کے نام ایک انتہائی جذباتی خط میں کیا ہے۔ 'وہ جو میرے چچا کی بیٹی تھی' کے عنوان سے لکھے گئے اس خط کو 'کرسچین نیٹ ورک فار دی سپورٹ آف سیرئین ریولوشن' نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پوسٹ کیا ہے۔



خط میں رشا الاخرس نے حلفایا قتل عام اور اہالیاں شام کو نان جویں کے حصول میں درپیش مشکلات پر اپنی اسماء اسد کی خاموشی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ رشا الاخرس نےشامی خاتون اول سے خط میں دریافت کیا ہے، 'کیا آپ کے بچے معمول کے مطابق ناشتہ کر رہے ہیں یا آپ کو یہ احساس ہے کہ انہیں کھانے کا ایک لقمہ میسر نہیں مگر آپ کچھ کر نہیں سکتیں۔



اپنی بات جاری رکھتے ہوئے رشا الاخرس نے خط میں لکھا ہے: " کیا آپ نے حلفایا قتل عام کے بارے میں سنا؟ میرا خیال ہے کہ آپ نئے سال کی تقریبات میں مصروف تھیں اسی لئے آپ کو یہ بھی معلوم نہیں ہو سکا کہ اہالیاں حمص دربدر کی ٹھوکریں کھاتے ہوئے اپنے گھروں سے نقل مکانی کر گئے ہیں۔"

رشا کے بہ قول: "انقلاب کی کامیابی کا دن جلد آئے گا۔ اللہ خود ہی آپ سے انتقام لے۔ آپ کے ساتھ اس وقت ہونے والے سلوک پر مجھے چنداں ملال نہیں ہو گا کیونکہ آپ نے میری پروا نہیں کی۔"