.

ججز کلب کا ملک بھر میں استغاثہ کا کام بند کرنے کی دھمکی

اٹارنی جنرل کے عہدے میں برقرار رہنے پر احتجاج

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مصر میں اٹارنی جنرل طلعت عبداللہ کے اپنے عہدے پر برقرار رہنے کے خلاف ملک بھر میں پراسیکیوشن دفاتر 8 جنوری سے 10 جنوری [تین دن] کے لئے کام بند کر رہے ہیں۔

ججز کلب مصر کے صدر احمد الزند نے کلب کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے اجلاس میں دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا ہے کہ عدالتی برادری کے موقف میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں آئی ہے اور نہ ہی ہم اپنے مطالبات سے دستبردار ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ مصری عدلیہ اپنی آزادی اور اتحاد کا تحفظ کرتی رہی گی۔

یاد رہے کہ ججز کلب عدلیہ کی آزادی کے لئے دباؤ ڈالنے کی خاطر گزشتہ ایک ماہ سے جزوی ہڑتال پر تھے۔

ججز کلب میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے 'الزند' نے کہا کہ جو لوگ سمجھتے ہیں کہ وقت گزرنے کے ساتھ ججز ملک و قوم کی خاطر اپنے مقاصد سے ہٹ جائیں گے۔ ان کی امیدوں پر پانی پھر گیا ہے۔ ہم عدلیہ کی آزادی اور خودمختاری تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ میزان عدل اٹھانے والوں کو ڈرایا یا دھمکایا نہیں جا سکتا۔

ججز کلب کے سربراہ نے کہا کہ مصری عوام کو عدلیہ پر ہمیشہ اعتماد رہا ہے اور یہ تا ابد رہے گا۔ یہ اعتماد ہمارا سرمایہ افتخار ہے۔ ہم عوام کے لئے لڑتے رہیں گے چاہے اس کی ہمیں کتنی ہی بڑی قیمت ادا کرنا پڑے۔