بشارالاسد کی رخصتی کے معاملہ پر اپوزیشن متحد ہے: معاذ الخطیب

اپوزیشن کی صفوں میں کوئی اختلاف نہیں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

شام کی حکومت مخالف جماعتوں پر مشتمل قومی اتحاد کے سربراہ معاذالخطیب نے حزب اختلاف کی صفوں میں تقسیم کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ اپوزیشن صدر بشارالاسد کی رخصتی کے معاملے پر متحد ہے۔

شامی حکومت کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے حزب اختلاف کے لیڈروں کے درمیان مبینہ اختلافات کے بارے میں انھوں نے کہا کہ ''یہ اختلافات معمول کا معاملہ ہیں مگرشامی حکومت ان کی مذاکرات کی پیش کش کے سنہری موقع کو گنوا رہی ہے''۔

معاذالخطیب نے سماجی روابط کی ویب سائٹ فیس بُک پرسوموارکو جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ وہ باغیوں کے زیر قبضہ شام کے شمالی علاقوں میں صدر بشارالاسد کے نمائندوں کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ان مذاکرات کا مقصد بشارالاسد کی رخصتی کا راستہ تلاش کرنا ہے تاکہ کم سے کم خونریزی اور تباہی کے ساتھ انتقال اقتدار کی راہ ہموار ہوسکے۔

شامی قومی اتحاد کے ذرائع کے مطابق معاذ الخطیب نے اتوار کو قاہرہ میں اقوام متحدہ اور عرب لیگ کے خصوصی ایلچی الاخضرالابراہیمی سے ملاقات کی تھی اور ان سے شامی حکومت کے ساتھ مذاکرات کے اپنے مجوزہ منصوبے پر تبادلہ خیال کیا تھا۔گذشتہ ہفتے انھوں نے جرمنی کے شہر میونخ میں روس اور ایران کے وزرائے خارجہ سے ملاقات کی تھی اور اس کا اہتمام الاخضرالابراہیمی ہی نے کیا تھا۔

واضح رہے کہ شامی قومی اتحاد کے سربراہ معاذ الخطیب نے اپنے مجوزہ منصوبے میں صدر بشارالاسد کی حکومت کے عہدے داروں کے ساتھ مذاکرات کے لیے یہ شرط عاید کی ہے کہ عوامی احتجاجی تحریک کے دوران گرفتار کیے گئے افراد کو رہا کیا جائے لیکن شامی حکومت کی جانب سے ابھی تک اس پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔البتہ شام کے وزیراطلاعات عمران الزوبی نے گذشتہ جمعہ کو حکومت کے اس موقف کا اعادہ کیا تھا کہ شام کے مستقبل کے حوالے سے مذاکرات کے لیے دمشق آنے والے حزب اختلاف کے عہدے داروں کو خوش آمدید کہا جائے گا۔

معاذ الخطیب نے ہفتہ عشرہ قبل شامی حکومت کے نمائندوں کے ساتھ براہ راست مذاکرات کا اعلان کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ قاہرہ ،تیونس یا استنبول میں براہ راست بات چیت کو تیار ہیں لیکن اس کے لیے انھوں نے ایک اور شرط یہ عاید کی تھی کہ جلاوطن شامی شہریوں کے پاسپورٹس کی تجدید کی جائے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں