.

مصر: مشتعل مظاہرین نے شاہراہ بند کر دی، جان کیری کی واپسی میں تاخیر

الاہلی کے حامیوں نے مطالبہ منوانے کے لیے راستہ روک لیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں امریکی وزیرخارجہ جان کیری کے مختصر دورے کے موقع پرایک فٹ بال کلب کے حامیوں نے بین الاقوامی ہوائی اڈے کی جانب جانے والی شاہراہ کو بند کردیا جس کی وجہ سے امریکی وزیرخارجہ کی واپسی میں تاخیر ہوئی ہے۔

جان کیری نے قاہرہ میں صدر محمد مرسی سے مصر کی معیشت کو سنبھالا دینے کے لیے امریکی امداد کی فراہمی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ہے۔اس موقع پر انھوں نے مصر کو مالی بحران سے نکلنے کے لیے امداد کی پیش کش کی ہے۔

جان کیری مصری صدر کے ساتھ مذاکرات کے بعد اپنے مشرق وسطیٰ کے دورے کے اگلے مرحلے پر روانہ ہونے ہی والے تھے کہ اس دوران الاہلی فٹ بال کلب کے حامیوں نے قاہرہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کی جانب جانے والی شاہراہ پر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے اسے مختصر دورانیے کے بند کردیا جس کی وجہ سے امریکی وزیرخارجہ کی رخصتی میں تاخیر ہوئی ہے۔انھوں نے اتوار کو گرینچ معیاری وقت کے مطابق 1400 بجے روانہ ہونا تھا۔

ہوائی اڈے کے ایک افسر نے بتایا کہ فٹ بال کلب کے حامیوں کو ہوائی اڈے کے قریب آنے سے روکنے کے لیے پولیس کو تعینات کر دیا گیا اور بکتر بند گاڑیوں پر پولیس اہلکارمشتعل مظاہرین کو روکنے کی کوشش کررہے تھے ۔مصر کی سرکاری مڈل ایسٹ نیوز ایجنسی (مینا) کی اطلاع کے مطابق ہوائی اڈے کی جانب جانے والی شاہراہ کو رات کے وقت کھول دیا گیا ہے۔

قاہرہ سے تعلق رکھنے والے الاہلی کلب کے حامیوں نے ان اطلاعات کے بعد امریکی وزیرخارجہ کا راستہ روکنے کی کوشش کی تھی کہ عدالت اسی ہفتے ساحلی شہر پورٹ سعید میں گذشتہ سال فٹ بال میچ کے دوران پرتشدد ہنگاموں میں ملوث افراد کو سزائیں سنانے والی ہے۔الاہلی کے حامی ان افراد کو قصوروار قرار دے کر سزائیں سنانے کا مطالبہ کررہے ہیں۔