.

شام کی الاتاسی عرب لیگ کے اجلاس کی صدارت کرنے والی پہلی خاتون رہنما

معاذ الخطیب کی غیر موجودگی میں اجلاس کی صدارت کی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:


شامی اپوزیشن اتحاد کی نائب صدر سھیر الاتاسی عرب سربراہی اجلاس کی صدارت کرنے والی پہلی عرب خاتون رہنما بن گئیں۔

العربیہ ٹی وی کے مطابق سھیر الاتاسی نے شامی قومی کونسل کے اتحاد کے سربراہ اور عرب لیگ سمٹ میں شامی اپوزیشن کے وفد کے سربراہ ڈاکٹر معاذ الخطیب کی غیر موجودگی کے دوران دوحہ میں ہونے والے سربراہی اجلاس کی صدارت کی۔

سھیر الاتاسی شامی شہر حمص کے ایک نمایاں خاندان سے تعلق رکھتی ہیں۔ آپ دمشق میں پیدا ہوئیں۔ امریکی تھنک ٹینک کارینج مڈل ایسٹ سینٹر کے مطابق الاتاسی نے سن 2001ء میں الاتاسی قومی ڈائیلاگ کی بنیاد رکھی۔ اس مشن کا نام انہوں نے سن 1973ء میں اس وقت کے شامی صدر حافظ الاسد کے خلاف اپوزیشن تحریک منظم کرنے والے اپنے والد جمال الاتاسی کے نام پر رکھا۔ مرحوم ایک قوم پرست عرب رہنما تھے۔

سھیر، سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر جمال الاتاسی فورم بھی چلاتی ہیں۔ اس فورم کا مقصد شام سے ہنگامی قوانین کے خاتمے اور ملک میں اصلاحات کے حق میں رائے عامہ منظم کرنا ہے۔ دو برس قبل شام میں شروع ہونے والی عوامی انتفاضہ کے بعد سے الاتاسی ، ملک میں ایک توانا اپوزیشن آواز کے طور پر سامنے آئی ہیں۔