.

مصری وزیراعظم کو عدم حاضری میں ایک سال قید کی سزا

2011ء کے ایک عدالتی حکم کی عدم تعمیل پر دوہزار مصری پونڈ جرمانہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مصر کی ایک عدالت نے وزیراعظم ہشام قندیل کو 2011ء کے ایک حکم کی عدم تعمیل پر غیر حاضری میں ایک سال قید اور دوہزار مصری پونڈ جرمانے کی سزا سنائی ہے۔

قاہرہ کی ایک عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ ہشام قندیل ایک انتظامی عدالت کی جانب سے ٹیکسٹائل فیکٹری ٹانٹا فلیکس اور تیل کمپنی کو قومیانے کے لیے جاری کردہ حکم کی تکمیل میں ناکام رہے تھے۔

بلومبرگ نے عدالت کے جج محمد الساوی کے حکم کے حوالے سے بتایا یے کہ اگر ہشام قندیل وزیراعظم کی حیثیت سے دوبارہ ان فیکٹریوں کو قومیانے میں ناکام رہتے ہیں تو انھیں ان کے عہدے سے ہٹا دیا جانا چاہیے۔

کابینہ کے ترجمان علاء الحدیدی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ عدالت کے اس حکم کے خلاف اپیل دائر کی جائے گی۔تاہم عدالتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کو سنائی گئی سزاعلامتی ہے۔

عدالتی ذرائع کے مطابق موجودہ وزیراعظم یا حاضر سروس سرکاری عہدے دار کے خلاف عدم موجودگی میں سزا معمول کی بات ہے اور اس پر عمل درآمد نہیں کیا جاتا۔البتہ انھیں عدالت کی جانب سے عاید کردہ جرمانہ ادا کرنا پڑتا ہے۔