مصر:کابینہ میں ردوبدل،ہشام قندیل بدستور وزیراعظم رہیں گے

صدرمرسی نے حزب اختلاف کا قندیل کو ہٹانے کا مطالبہ مسترد کردیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
1 منٹ read

مصر کے ایوان صدر نے اعلان کیا ہے کہ آیندہ ہفتے کابینہ میں ردوبدل کیا جائے گا لیکن اس کے باوجود وزیراعظم ہشام قندیل اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے۔

صدر محمد مرسی کے سیاسی مخالفین ان سے ملک میں اسی سال پارلیمانی انتخابات کے انعقاد سے قبل ہشام قندیل کو ہٹانے اور کابینہ میں تبدیلیوں کا مطالبہ کررہے ہیں لیکن انھوں نے اس مطالبے کو مسترد کردیا ہے اور ہشام قندیل کو ان کے عہدے پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

دوسروں کے علاوہ صدر مرسی کی سابقہ جماعت اخوان المسلمون بھی ہشام قندیل کی قیادت میں حکومت کی کارکردگی سے مطمئن نہیں اور وہ اس کو مختلف مواقع پر تنقید کا نشانہ بنا چکی ہے۔

کابینہ میں ردوبدل سے قبل وزیرانصاف احمد مکی اخوان المسلمون اور دوسری اسلامی جماعتوں کے عدلیہ مخالف مظاہروں کے بعد گذشتہ ہفتے کے روز مستعفی ہوگئے تھے۔مصر کے سرکاری میڈیا کی رپورٹ کے مطابق انھیں ان کے عہدے سے ہٹایا جارہا تھا۔

صدر کے ایک مشیر نے فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کو بتایا ہے کہ ''کابینہ میں ردوبدل کے وقت اہم وزارتیں بھی زد میں آئیں گی لیکن معاملے کی حساسیت کے پیش نظر ان کے بارے میں فی الوقت تفصیل نہیں بتائی جا سکتی''۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں