عراقی وزیراعظم کا نئی فرقہ وارانہ جنگ پر انتباہ ، ڈائیلاگ کی اپیل

حزب اختلاف کی جانب سے پارلیمانی انتخابات کے بائیکاٹ کی اپیل کی مذمت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

عراقی وزیراعظم نوری المالکی نے ملک میں فرقہ وارانہ بنیاد پر خانہ جنگی کی سازشیوں پر خبردار کیا ہے اور بحران کے حل کے لیے ڈائیلاگ کی ضرورت پر زوردیا ہے جبکہ مختلف علاقوں میں گذشتہ تین روز سے جاری تشدد کے واقعات میں مرنے والوں کی تعداد ایک سو چالیس سے بڑھ گئی ہے۔

عراق کے سرکاری ٹیلی ویژن سے جمعرات کو نشر ہونے والے بیان میں نوری المالکی نے علماء اور ملک کے مستقبل کے حوالے سے مشوش ہر شخص پر زوردیا ہے کہ وہ آگے بڑھیں اور ملک کو دوبارہ فرقہ وارانہ خانہ جنگی کی آگ میں جھونکنے والوں کے مقابلے میں خاموش نہ رہیں۔

انھوں نے کہا کہ دہشت گردی اور القاعدہ عراق کے بڑے دشمن ہیں۔انھوں نے تمام شہریوں پر زوردیا کہ وہ اس خطرے کے مقابلے میں متحد ہوجائیں۔ان کے بہ قول موجودہ بحران میں خطرناک چیز یہ ہوئی ہے کہ صورت حال ان لوگوں کے ہاتھوں میں دے دی گئی ہے جو تنازعے کو ہوا دے رہے ہیں۔

نوری المالکی نے بیان میں حزب اختلاف کی جانب سے پارلیمانی انتخابات کے بائیکاٹ کی اپیل کو مسترد کردیا اور کہا کہ ''ان کے مطالبات کو مذاکرات کے ذریعے ہی پورا کیا جاسکتا ہے کیونکہ بات چیت کے ذریعے جو چیز حاصل کی جاسکتی ہے وہ دہشت گردی کے ذریعے حاصل نہیں ہو سکتی لیکن اگر ملک میں فرقہ واریت کی آگ بھڑک اٹھی تو پھر کوئی بھی فاتح نہیں ہوگا اور ہر کوئی خسارے میں ہوگا''۔

درایں اثناء شمالی شہر کرکوک میں قبائل نے فوج کے مقابلے کے لیے ایک مسلح فورس تشکیل دے دی ہے۔العربیہ کے نمائندے کی اطلاع کے مطابق قبائلی سرداروں نے منگل کو نواحی قصبے حوائجہ میں فوج کے سنی مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن کے مقابلے کے بعد اپنی فورس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ادھر شمالی شہر موصل میں سنی جنگجوؤں اور پولیس کے درمیان جھڑپوں میں دس پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔حوائجہ میں سنی پظاہرین پر حملے کے بعد گذشتہ تین روز میں ملک کے مختلف علاقوں میں تشدد کے واقعات میں ایک سو چالیس افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

کرکوک سے ترکی کی جانب جانے والی خام تیل کی ایک پائپ لائن کو بھی دھماکے سے اڑا دیا گیا ہے۔تیل پائپ لائن پر شمالی شہر شرکت کے نزدیک حملہ کیا گیا ہے اور واقعہ کے بعد تیل کی ترسیل روک دی گئی ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں