مصری اہلکاروں کی بازیابی کے لیے حکام کے بدّوؤں سے مذاکرات

سینا میں سکیورٹی اہلکاروں کا اغوا،وزیردفاع اور داخلہ ایوان صدر طلب

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

مصر کے صدر محمد مرسی نے جزیرہ نما سینا میں تین پولیس اہلکاروں اورچار فوجیوں کے اغوا کے معاملے پر وزیرداخلہ اور وزیردفاع سے بات چیت کی ہے جبکہ ان اہلکاروں کی جلد بازیابی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

مصر کے سرکاری میڈیا کی اطلاع کے مطابق بدھ کی رات مسلح افراد نے تین پولیس اہلکاروں اور چار فوجیوں کو گن پوائنٹ پر اغوا کر لیا تھا۔مصر کی سکیورٹی سروسز کے حکام ثالث بدّوؤں کے ذریعے اغوا کاروں سے سکیورٹی اہلکاروں کی رہائی کے لیے بات چیت کررہے ہیں۔

صوبہ شمالی سینا میں سکیورٹی کے سربراہ سامح احمد بشادی نے سرکاری ٹیلی ویژن کو ٹیلی فون کے ذریعے بتایا کہ یرغمالیوں کی بازیابی کے لیے بڑے پیمانے پر کوششیں کی جارہی ہیں اور اس معاملے میں سکیورٹی سروسز شمالی سینا کے معزز عمائدین سے رابطے میں ہیں۔

قبل ازیں صدر محمد مرسی نے سکیورٹی اہلکاروں کے اغوا پر وزیردفاع عبدالفتاح السیسی اور وزیرداخلہ محمد ابراہیم کو طلب کر کے ان سے اس معاملے پر تبادلہ خیال کیا ہے۔مصر کی سرکاری خبررساں ایجنسی مینا کی اطلاع کے مطابق اغوا کار شمالی سینا کے قصبے العریش میں جیل میں قید ایک گروپ کو رہا کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔

مصری میڈیا نے بتایا ہے کہ یرغمالی اہلکار چھٹی کے بعد ایک منی بس پر سوار ہو کر واپس جارہے تھے۔انھیں العریش سے مشرق میں واقع علاقے وادی الاخضر میں مسلح افراد نے روکا اور یرغمال بنا کر اپنے ساتھ لے گئے۔تین پولیس اہلکار سنٹرل سکیورٹی فورسز اور چار اہلکار مسلح افواج سے تعلق رکھتے ہیں۔

مقامی بدّوؤں کے عمائدین سکیورٹی حکام اور اغوا کاروں کے درمیان ثالث کا کردار ادا کررہے ہیں۔عینی شاہدین نے مینا کو بتایا ہے کہ حکام نے شمالی سیناء میں اس بحران کے حل تک فوجیوں کی نقل وحرکت محدود کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ مصر کے اس علاقے میں بدوؤں نے کچھ عرصہ قبل ہنگری ،اسرائیل اور ناروے سے تعلق رکھنے والے سیاحوں کو اغوا کر لیا تھا اور ان کے بدلے میں جیلوں میں قید اپنے رشتے داروں کی رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔سابق صدر حسنی مبارک کی حکومت کے خاتمے کے بعد سے جزیرہ نماء سینا میں لاقانونیت عام ہے اور اغوا کی وارداتوں کے علاوہ بعض جنگجو گروپ اسرائیل کی جانب یہاں سے راکٹ بھی فائر کرچکے ہیں۔اگست 2011ء میں سیناء سے مسلح افراد نے اسرائیل کے جنوبی علاقے میں داخل ہوکر حملے کیے تھے جن میں آٹھ اسرائیلی مار گئے تھے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں