عراق میں تین بم دھماکوں میں 49 افراد جاں بحق، 80 زخمی

بعقوبہ میں اہل سنت کو نماز جمعہ کے بعد بم حملوں میں نشانہ بنایا گیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

عراق میں اہل سنت کی ایک مسجد کے باہر دو بم دھماکوں اور ایک جنازے پر بم حملے میں انچاس افراد جاں بحق اور اسّی سے زیادہ زخمی ہوگئے ہیں۔

عراقی حکام کے مطابق شمالی شہر بعقوبہ میں جامع مسجد شریعہ کے نزدیک نماز جمعہ کے بعد پہلا بم دھماکا ہوا۔اس وقت شہری جمعہ کی نماز ادا کرنے کے بعد مسجد سے باہر نکل رہے تھے۔پہلے بم دھماکے کے بعد لوگ جب جائے وقوعہ پر جمع ہوگئے تو حملہ آوروں نے دوسرا بم دھماکا کردیا۔

بعقوبہ میں اسپتال کے ذرائع نے بتایا ہے کہ ان دونوں بم دھماکوں میں اکتالیس افراد جاں بحق اور ستاون زخمی ہوئے ہیں۔ادھر بغداد سے جنوب میں واقع شہر میدان میں ایک جنازے کے قریب سڑک کے کنارے نصب بم کا دھماکا ہوا۔اس واقعے میں آٹھ افراد ہلاک اور پچیس زخمی ہوئے ہیں۔

گذشتہ روز شمالی شہر کرکوک میں اہل تشیع کی ایک امام بارگاہ کے داخلی دروازے پر خودکش بم دھماکے میں بارہ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔واضح رہے کہ گذشتہ ماہ شمالی شہر کرکوک کے نزدیک واقع قصبے حوائجہ میں سرکاری سکیورٹی فورسز کے اہل سنت مظاہرین پر خونیں کریک ڈاؤن کے بعد سے ملک میں تشدد کے واقعات میں نمایاں اضافہ ہواہے۔

عراقی وزیراعظم نوری المالکی نے مذہبی عدم رواداری کو ملک میں تشدد کے حالیہ واقعات کا ذمے دار ٹھہرایا ہے۔انھوں نے ایک بیان میں کہا کہ ''خونریزی فرقہ وارانہ منافرت کا نتیجہ ہے اوریہ جرائم فرقہ وارانہ ذہنیت کا قدرتی نتیجہ ہیں''۔

عراق میں گذشتہ چند ماہ سے ہر جمعہ کو نماز کے بعد خودکش حملہ آور دھماکے کر رہے ہیں۔ وہ اپنے حملوں میں اہل تشیع ،اہل سنت ،قبائلیوں اور سرکاری سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ فوری طور پر کسی گروپ نے بعقوبہ اور میدان میں ان بم حملوں کی ذمے داری قبول نہیں کی۔

ماضی میں عراق میں القاعدہ کی شاخ ریاست اسلامی پر دہشت گردی کے حملوں کا الزام عاید کیا جاتا رہا ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ عراق میں القاعدہ کی شاخ ہمسایہ ملک شام میں جاری کشیدگی سے فائدہ اٹھا رہی ہے۔شام میں جاری خانہ جنگی کے آغاز کے بعد سے عراق میں اہل سنت اور اہل تشیع کے درمیان کشیدگی پائی جارہی ہے اور اس فرقہ وارانہ تناؤ کی وجہ سے بھی تشدد کے واقعات میں اضافہ ہواہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں