.

لبنان میں موجود سعودی شہریوں سے وطن واپسی کی ہدایت

تمام اہل وطن سے مسلسل رابطے میں ہیں: سعودی سفارت خانہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

خلیج تعاون کونسل کی جانب سے لبنان کی سکیورٹی کی ابتر صورتحال سے خبردار رہنے کے بیان کے بعد بیروت میں سعودی سفیر علی بن عواض العسیری نے لبنان میں موجود تمام سعودیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ جلد از جلد وطن واپسی کا رخ کریں۔ انہوں نے کہا کہ خلیج تعاون کونسل کے بدھ بیان کی روشنی میں سعودی سفارت خانہ لبنان میں موجود اپنے تمام شہریوں سے مسلسل رابطے میں ہے۔

سعودی روزنامے ’’الشرق‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے سعودی سفیر نے بتایا کہ لبنان میں موجود سعودی طلبہ، مندوبین اور دیگر تمام شہریوں کے تحفظ کے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔

علی بن عواضی العسیری نے کہا کہ سفارت خانے نے سعودی شہریوں کو وطن واپسی کی ترغیب دی ہے۔ سفارت خانہ لبنان میں موجود تمام اہل وطن سے مسلسل رابطے میں ہے۔ ہمہ وقت کسی بھی شہری کی جانب سے موصول ہونے والی کسی بھی ممکنہ شکایت کی صورت میں اس کی فوری داد رسی کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سفارت خانے نے لبنان میں سعودی فون نمبر رکھنے والے تمام افراد کو ای میل کے ذریعے بھی وطن واپسی اور اپنی حفاظت کرنے کا پیغام بھیج دیا ہے۔

یاد رہے کہ خلیج تعاون کونسل نے بدھ کے روز اپنے رکن ممالک کے شہریوں سے لبنان کا سفر نہ کرنے اور لبنان میں موجود شہریوں سے حفاظتی اقدامات کرنے کی اپیل کی تھی۔