.

فلسطینی وزیراعظم رامی الحمدللہ اچانک مستعفی

دو نائب وزرائے اعظم کے ساتھ اختلافات کے بعد عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مغربی کنارے میں فلسطینی وزیراعظم رامی الحمد للہ نے صدر محمود عباس کو اپنا استعفیٰ پیش کردیا ہے۔

فلسطینی ذرائع نے العربیہ سے گفتگو کرتے ہوئے رامی الحمد للہ کے استعفے کی تصدیق کی ہے۔انھوں نے دوہفتے قبل ہی اپنا عہدہ سنبھالا تھا۔فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوا کہ آیا صدر محمود عباس نے ان کا استعفیٰ منظور کر لیا ہے یا نہیں۔

ذرائع نے العربیہ کو بتایا کہ رامی الحمد للہ اپنے دو نائبین کے ساتھ اختیارات پر تنازعے کی وجہ سے اچانک مستعفی ہوئے ہیں۔اے ایف پی نے بھی فلسطینی حکومت کے ایک ذریعے کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ وزیراعظم نے اپنے دو نائبین کے ساتھ اختلافات کے بعد استعفیٰ دیا ہے۔

رامی الحمدللہ کو سلام فیاض کی جگہ وزیراعظم مقرر کیا گیا تھا اور انھوں نے اپنی چوبیس رکنی کابینہ کے ساتھ چھے جون کو حلف اٹھایا تھا۔ان کے پیش رو وزیراعظم اپریل کے وسط میں صدر محمود عباس کے ساتھ اختلافات کے بعد مستعفی ہوگئے تھے۔