عراق: مسلح افراد کی فائرنگ سے القاعدہ مخالف ملیشیا کے سابق 8 جنگجو ہلاک

بغداد کے شمال میں القاعدہ مخالف افراد کو اغوا کے بعد گولی مار دی گئی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

عراق میں فوجی وردی میں ملبوس آٹھ مسلح افراد نے القاعدہ مخالف ملیشیا کے سابق آٹھ جنگجوؤں کو دارالحکومت بغداد کے نواح میں واقع علاقے سے ان کے گھروں سے اغوا کے بعد فائرنگ کرکے قتل کردیا ہے۔

عراقی وزارت داخلہ کے ایک عہدے دار کی اطلاع کے مطابق مسلح افراد نے بغداد سے شمال میں واقع قصبے مشاہدہ میں سوموار کو علی الصباح ایک چھاپہ مار کارروائی کے دوران القاعدہ مخالف سابق آٹھ جنگجوؤں کو اغوا کر لیا اور پھر ان کے سر اور سینوں میں گولیاں مار کر ہلاک کردیا ہے۔ان کی لاشیں مشاہدہ کے نواح سے ملی ہیں۔

ان تمام مقتولین کا ماضِی میں سنی قبائل پر مشتمل صحوہ ملیشیا سے تعلق رہا تھا۔صحوہ ملیشیا 2006ء میں معرض وجود آئی تھی۔اس نے القاعدہ کے مقابلے میں امریکی فوج کا ساتھ دیا تھا جس کے بعد عراق کے سنی اکثریتی علاقوں میں جنگ کا پانسا پلٹ گیا تھا اور ان سنی قبائلیوں نے اپنے علاقوں سے القاعدہ کو نکال باہر کیا تھا۔

القاعدہ مخالف ان عراقیوں کو ملک کے سنی جنگجو اور القاعدہ غدار قرار دیتے ہیں اور اسی وجہ سے ان پر آئے دن حملے ہوتے رہتے ہیں۔گذشتہ ہفتے مختلف حملوں میں صحوہ کے نو جنگجو ہلاک اور اٹھارہ زخمی ہوگئے تھے۔

واضح رہے کہ عراق میں اس سال 2007ء کے بعد پہلی مرتبہ تشدد کے واقعات اور ان میں ہلاکتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔آئے دن مختلف علاقوں میں بم دھماکے اور تشدد کے دوسرے واقعات رونما ہورہے ہیں۔القاعدہ سے وابستہ بچے کھچے جنگجو اور دوسرے مزاحمت کارماضی میں امریکی فوج اور عراقی سکیورٹی فورسز کی اپنے اہداف کو نشانہ بنانے اورتباہ کن بم حملوں کی صلاحیت رکھتے ہیں۔جون میں مزاحمت کاروں کے حملوں اور بم دھماکوں میں کم سے کم سات سو افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

عراق کے سنی عرب یہ محسوس کرتے ہیں کہ شیعہ وزیراعظم نوری المالکی کی حکومت میں انھیں دیوار سے لگا دیا گیا ہے جس کی وجہ سے بہت سے سنیوں نے عراقی سکیورٹی فورسز کی مزاحمت کے لیے ہتھیار اٹھالیے تھے اور اب وہ ہتھیار پھینکنے کو تیار نہیں ہیں۔عراق پر امریکا کی مسلط کردہ جنگ کے بعد سے گذشتہ دس سال کے دوران ایک سے ڈیڑھ لاکھ کے درمیان عراقی تشدد کے واقعات میں مارے جاچکے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں