مصر: اخوان المسلمون کے مرشد عام گرفتار، نائب کے وارنٹ گرفتاری جاری

اخوانی قیادت پر لوگوں کو تشدد پراکسانے کا الزام، 300 عہدے داروں کے وارنٹ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

مصر کی سب سے بڑی سیاسی دینی اخوان المسلمون کے مرشد عام محمد بدیع کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ پراسیکیوٹر جنرل نے ان کے نائب خیرات الشاطر کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں۔ان پر لوگوں کو تشدد پر اکسانے کا الزام عاید کیا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ اخوان کے مرشد عام اور نائب مرشد عام گذشتہ اتوار کو قاہرہ کے علاقے مقطعم میں جماعت کے ہیڈ کوارٹرز کے باہر مظاہرین کے قتل کی ترغیب دینے کے الزام میں مطلوب ہیں۔محمد بدیع کو لیبیا کی سرحد کے نزدیک واقع ساحلی شہر مرسہ مطروح سے گرفتار کیا گیا ہے۔

مصر کے سرکاری میڈیا کی اطلاع کے مطابق بدھ کی رات منتخب صدر محمد مرسی کا تختہ الٹنے کے فوری بعد اخوان المسلمون کے تین سو عہدے داروں کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے۔

سرکاری خبررساں ایجنسی مینا نے ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ اخوان کے سیاسی چہرہ حریت اور انصاف پارٹی کے سربراہ اور تحلیل شدہ پارلیمان کے اسپیکر سعد الکتاتنی اور جماعت کے نائب مرشد عام رشاد بایومی کو گرفتار کرکے جیل میں منتقل کردیا گیا ہے۔

درایں اثناء مصر کے عدالتی حکام نے برطرف صدر محمد مرسی اور اسلامی جماعتوں کے پندرہ دیگر لیڈروں کے خلاف عدلیہ کی توہین کے الزام میں تحقیقات شروع کردی ہے۔تحقیقاتی جج ثروت حماد نے برطرف صدر پر سفری پابندی عاید کردی ہے۔ان پر پہلے بھی ایک اور مقدمے میں بیرون ملک جانے پر پابندی عاید کی جاچکی ہے۔

اخوان کے ایک سنئیر لیڈر محمد البلتاجی نے کہا ہے کہ ان کی جماعت فوج کی جانب سے منتخب صدر کو برطرف کیے جانے کے خلاف ہتھیار نہیں اٹھائے گی لیکن وہ اس فوجی بغاوت کو قبول نہیں کرے گی۔انھوں نے قاہرہ میں ایک مسجد کے باہر دھرنے کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اخوان گذشتہ ادوار حکومت میں بھی جبر وتشدد کا شکار رہی ہے لیکن اس نے کبھی اپنے مقاصد کے حصول کے لیے تشدد کی حمایت نہیں کی۔

دوسری جانب فوج کے ایک ترجمان نے ان اطلاعات کی تردید کی ہے کہ مصر کی سیکنڈ آرمی کے کمانڈر برطرف صدر محمد مرسی کے حامی ہیں اور وہ ان کی برطرفی کے معاملے پر فوجی قیادت سے اختلاف رکھتے ہیں۔ترجمان کے بہ قول فوجی قیادت میں ایسا کوئی اختلاف نہیں پایا جاتا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں