.

وزن گھٹائیں اور سونا پائیں: دبئی میونسپلٹی کا انوکھا مقابلہ

موٹاپے پر قابو کے لئے خلیجی امارات کی منفرد مہم

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

خلیج کی اہم امارات دبئی کی بلدیہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے وزن میں خاطر خواہ کمی لانے والے شہریوں اور اہم کاروباری میں سکونت رکھنے والے غیر ملکی تارکین وطن کو حوصلہ افزائی کے طور پر سونا انعام میں دے گی۔

ایک مقامی اخبار میں دبئی بلدیہ نے "آپ کا وزن، آپ کا سونا" کے عنوان سے ایک اشتہار شائع کرایا ہے جس میں پیشکش کی گئی ہے کہ جو امارات میں مقیم جو افراد 16 اگست تک اپنا وزن دو کلوگرام کم کرنے میں کامیاب ہوں گے انہیں فی کلوگرام وزن میں کمی پر ایک گرام سونا انعام میں دیا جائے گا۔

اس مہم کا اعلان ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے کہ جب امارات سمیت دنیا بھر میں رمضان المبارک کا مہینہ جاری ہے اور امکانی طور پر اس کا اختتام وسط اگست تک ہی ہو گا۔

عمومی طور پر روزہ دار سارا دن بھوکا پیاسا رہنے کے بعد افطاری میں سارے دن نہ کھانے کی کسر بسیار خوراکی سے کرتے ہیں جس کی وجہ سے ان کا وزن گھٹنے کے بجائے مزید بڑھنا شروع ہو جاتا ہے۔

اس مہم میں انعام کے تین اہل امیدواروں کا انتخاب قرعہ اندازی کے ذریعے کیا جائے گا۔ تینوں جیتے والوں میں سے ہر کامیاب امیدوار کو بیس ہزار درہم مالیت کے مساوی سونے کا سکہ دیا جائے گا جبکہ اس مہم میں وزن کم کرنے والے باقی افراد میں بیس ہزار درہم مالیت کے سونے کے سکے مشترکہ طور پر تقسیم کئے جائیں گے۔

مقابلے میں شرکت کرنے کے خواہشمند افراد کو عوامی پارکوں میں لگائے جانے والی ویٹ مشینز سے اپنے موجود وزن کی تصدیق کرانا ہو گی جس کے بعد انہیں ماہرین خوراک ہدایت دیں گے۔ اس مہم میں شرکت کرنے والوں کو ایک عہدنامہ بھی بھر کر دینا ہو گا جس میں وہ اس بات کا اعتراف کریں گے کہ وزن کم کرنے کی خاطر وہ غیر صحت مند طریقے اختیار نہیں کریں گے

یاد رہے متعدد خلیجی ملک اپنے ہاں بڑھتے ہوئے موٹاپے کے مرض پر قابو پانے کے کوشاں ہیں، تاہم دبئی میونسپلٹی کی مہم ان کوششوں کے سلسلے میں سب منفرد اور اچھوتی ہے۔