.

دبئی: ایم بی سی گروپ کے جدید ڈرامہ پروڈکشن سٹوڈیو نے کام کا آغاز کر دیا

سٹوڈیو میں پروڈکشن کی سب سے جدید سہولیات میسر ہیں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

دبئی میں ایم بی سی گروپ نے دبئی سٹوڈیو سٹی کے تعاون سے او 2 ڈرامہ پروڈکشن سٹوڈیو کا افتتاح کردیا ہے۔ اس سٹوڈیو میں پروڈکشن کے شعبے کی جدید ترین سہولیات میسر ہیں اور یہ سٹوڈیو اس خطے میں اپنی نوعیت کا پہلا سٹوڈیو ہے۔ اس سٹوڈیو میں ورچوئل سیٹ، ایل ای ڈی لائٹنگ، موشن ٹریکنگ، رئیل ٹائم کمپوزٹنگ اور 2ڈی اور 3ڈی امیجنگ کی جدید سہولیات فراہم کی گئیں ہیں۔

دبئی کے حکمران شیخ محمد المکتوم نے گزشتہ روز اس سٹوڈیو کا دورہ کیا۔ شیخ محمد نے اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ،"دبئی اپنے بین الاقوامی معیار کے شاندار سٹوڈیوز کی بدولت مختلف اقسام کے ڈراموں اور ٹی وی پروگرامنگ میں اعلی معیار کی پروڈکشن کے مرکز کے طور پر اپنی حیثیت برقرار رکھے ہوئے ہے۔" اس دورے کے دوران شیخ محمد نے سٹوڈیو کا مکمل معائنہ کیا اور انہیں اس کی مختلف خصوصیات سے آگاہ کیا گیا۔

ایم بی سی گروپ کے چئیرمین شیخ ولید ال ابراہیم نے 11 سال پہلے کمپنی کو لندن سے دبئی منتقل کرنے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ،"جیسا کہ ہم نے پہلے 2002 میں لندن کو چھوڑ کر دبئی منتقل ہونے کا بڑا فیصلہ کیا تھا، اسی طرح آج ہم دبئی سٹوڈیو سٹی پر بڑا فیصلہ کر رہے ہیں۔ اس وقت بھی ہم نے صحیح فیصلہ کیا تھا اور ہمیں پورا یقین ہے کہ ہم اب بھی صحیح فیصلہ کررہے ہیں۔ میرا یقین ہے کہ مقابلے اور صلاحیت کے اعتبار سے دبئی سٹوڈیو سٹی دنیا کے معروف سٹوڈیوز کے مقابلے میں کھڑا ہے۔" یاد رہے کہ العربیہ میڈیا گروپ بھی ایم بی سی بزنس گروپ کا ہی حصہ ہے۔

او 3 ڈرامہ پروڈکشن سٹوڈیوز ایم بی سی گروپ اور دبئی سٹوڈیو سٹی کے تعاون کے نتیجے میں فعال ہوا ہے جس کا مقصد مشرق وسطیٰ اورشمالی افریقی خطے کو ایسے سٹوڈیوز فراہم کرنا ہے جو کہ عالمی معیار کے مطابق سہولیات فراہم کرسکیں۔ اس سٹوڈیو کے فعال ہونے کے بعد اس خطے میں موجود پروڈکشن کمپنیوں کو بھی عالمی معیار کے جدید آلات میسر ہوں گے۔