.

مُرسی کی برطرفی کعبہ اللہ کی شہادت سے بڑا جرم ہے: مرشد عام

ارکان جماعت کے نام کسی خفیہ مقام سے پیغام

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مصرکی سب سے بڑی مذہبی سیاسی جماعت اخوان المسلمون کے مرشد عام ڈاکٹرمحمد بدیع نے کسی خفیہ مقام سے ارکان جماعت کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل عبدالفتاح السیسی کے ہاتھوں منتخب صدر ڈاکٹرمحمد مرسی کی برطرفی کعبہ شریف پرحملے سے بڑا اور سنگین جرم ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی" اے ایف پی" کے مطابق اخوان کےاشتہاری قرار دیے گئے مُرشد عام نے یہ پیغام کسی خفیہ مقام سے جاری کیا ہے۔ میڈیا تک پہنچنے والے تحریری بیان میں ڈاکٹرمحمد بدیع کا کہنا ہے کہ "میں اللہ کی قسم کھا کر کہتا ہوں کہ مسلح افواج کے سربراہ جنرل عبدالفتاح السیسی نے منتخب صدرکےخلاف جو قدم اٹھایا ہے وہ کعبہ شریف پرحملہ کرنے اور اسے تاخت وتاراج کرنے سے بھی بڑا اور سنگین جرم ہے"۔

انہوں نے ارکان جماعت اور اخوان المسلمون کے حامیوں پر زور دیا کہ وہ ملک میں منتخب حکومت پرشب خون مارنے اور فوجی آمریت کے خلاف پرامن احتجاج کا سلسلہ جاری رکھیں۔

اپنے پیغام میں مرشد عام کا کہنا ہے کہ "مصری عوام سے سابق نظام حکومت کی باقیات نے ایک سازش کے تحت آزادی سلب کرلی ہے۔ عوام پرلازم ہے کہ وہ اپنے بنیادی حقوق اور آزادیوں کے تحفظ کے لیے پرامن احتجاج جاری رکھیں۔ عوام گھروں میں نہ بیٹھیں بلکہ آئین اور جمہوریت کی بالادستی کی حمایت اور فوجی انقلاب کومسترد کردیں"۔

خیال رہے کہ مصرکے پبلک پراسیکیوٹر جنرل نے ایک سے زائد مرتبہ مرشد عام ڈاکٹرمحمد بدیع اور ان کے کئی دیگرساتھیوں کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے ہیں لیکن ڈاکٹر بدیع کئی روز سے مسلسل روپوش ہیں۔ انہیں آخری مرتبہ دو ہفتے قبل رابعہ العدویہ گراؤنڈ میں معزول صدر محمد مرسی کے حامیوں کی ایک ریلی سے خطاب کرتے دیکھا گیا تھا۔

دو روز قبل جولائی کومصری پراسیکیوٹرجنرل ایڈووکیٹ ھشام برکات نے ڈاکٹر محمد بدیع اور جماعت کے آٹھ دیگر سرکردہ رہ نماؤں کو اشتہاری قرار دے کران کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔ ان پرالزام ہے کہ معزول صدر کے خلاف عوامی احتجاج کے دوران انہوں نے اپنے حامیوں کو تشدد پراکسایا تھا، جس کے نتیجے میں فسادات میں درجنوں افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے تھے۔

اخوان المسلمون کے مرشد عام کی جانب سے ارکان جماعت کے نام یہ پیغام ایک ایسے وقت میں منظرعام پر آیا ہے جب مسلح افواج کے سربراہ جنرل عبدالفتاح السیسی نے آج جمعہ کے روز عوام سے فوجی اقدام کی حمایت میں مظاہروں کی اپیل کی ہے۔ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل السیسی نے کہا کہ جمعہ کے روز عوام سڑکوں پرنکلیں اور مسلح افواج کو دہشت گردی اور تشدد کے خاتمے کا مینڈیٹ دیں۔ مصرمیں آرمی ٹیک اور کے حامی سالویشن فرنٹ کے رہ نماؤں نے جنرل عبدالفتاح السیسی کی مظاہروں کی کال کی حمایت کرتے ہوئے عوام سے آج سڑکوں پرنکلنے کی اپیل کی ہے۔