.

عربی جاننے والوں کے لیے''تاگی پیڈیا'' کے نام سے معلومات کا خزانہ تیار

ایجنڈے سے پاک آن لائن انسائکلو پیڈیا دسمبر تک صارفین کو دستیاب ہو گا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

حقائق اور تاریخ میں جان بوجھ کر کی گئی تحریف نما غلطیوں کے ازالے کے لیے فلسطین میں پیدا ہونے والے متمول لبنانی تاجر نے''آن لائن انسائیکلو پیڈیا ''کی ترتیب تقریبا مکمل کر لی ہے۔ '' تاگی پیڈیا'' کے نام سے عربی زبان میں مرتب کیے جانے والا یہ انسائیکلو پیڈیا رواں سال کے اواخر میں آن لائن صارفین کو دستیاب ہو گا۔

بار ہا آپ سے کہا گیا ہوگا کہ کہ'' آن لائن'' موجود بڑے بڑے انسائیکلوپیڈیاز پر آنکھیں بند کر کے بھروسہ نہ کریں، اطمینان رکھیں اب کم از کم عربی جننے والوں اور عربی طلبہ کے لیے ایک بہتر متبادل جلد فراہم ہو جائے گا۔ ''تاگی پیڈیا'' کا اجراء طلال ابو غزالی نے کیا ہے جو خود بھی پہلے سے موجود'' آن لائن انسائیکلوپیڈیاز'' کی غلط اطلاعات کا براہ راست تجربہ کر چکے ہیں۔ طلال ابو غزالی 1948 میں فلسظین کےمقبوضہ شہر جافا میں پیدا ہوئے، لیکن کچھ عرصہ قبل ایک ''آن لائن انسائِکلوپیڈیا ''نے طلال کے پروفائل کے حوالے سے انکشاف کیا کہ طلال کی جائے پیدائش یروشلم ہے۔ یہی تجربہ''تاگی پیڈیا ''متعارف کرانے کا باعث بن گیا۔ ''تاگی'' طلال ابو غزالی کے نام کا ہی مخفف ہے۔

طلال ایک کامیاب کاروباری ہونے کے ناطے لبنان میں قائم بین الاقوامی تجارتی ادارے کا بانی اور چیئرمین ہیں۔ مالی اعتبار سے آسودہ اس فلسطینی نےاس غلطی یا اس جیسی دوسری دریافت شدہ اورغیردریافت شدہ غلطیوں کے ازالے کی ٹھان لی تاکہ اسے خود اور اس کے ساتھ ساتھ دوسرے لوگوں کو"آن لائن" ایک ایسا ''انسائکلوپیڈیا'' میسر آ سکے جس پر اعتماد کیا جا سکے۔ طلال ابو غزالی کا کہنا ہے''ہم حقائق کی اصلاح چاہتے ہیں ہم کسی غیر درست مواد پر مشتمل اور موجود ذرائع کو رد نہیں کر رہے بلکہ ہم راست اور درست اطلاعات کا ماحول دینا چاہتے ہیں تاکہ دوسرا نکتہ نظر بھی سامنے آ سکے۔''

طلال ابو غزالی کا یہ ذاتی سرمائے سے شروع کیا گیا منصوبہ ہے۔ دس ملین ڈالر کی لاگت سے شروع کیا گیا یہ منصوبہ تاگی کی کاروباری سلطنت کا 29 واں ستون ہے۔ طلال کا کہنا ہے ''اس انسائکلو پیڈیا میں کسی سیاسی، مذہبی یا ذاتی ایجنڈے کی جگہ نہیں یہ محض درست معلومات کا منبع اور ذریعہ ہے۔