.

اسرائیل کے آئرن ڈوم نے فضا میں راکٹ کو ناکارہ بنا دیا

القاعدہ گروپ کا سیناء سے اسرائیلی شہر ایلات کی جانب راکٹ فائر کرنے کا دعویٰ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

اسرائیل کے مصر کی سرحد کے نزدیک نصب میزائل دفاعی نظام آئرن ڈوم نے جزیرہ نما سیناء سے فائر کیے گئے ایک راکٹ کو فضا میں ناکارہ بنا دیا ہے اور یہ اسرائیل کے جنوبی شہر ایلات کے اوپر فضا میں پھٹ گیا ہے۔

اسرائیل کی وائی نیٹ نیوز ویب سائٹ کی اطلاع کے مطابق اسرائیل کے آئرن ڈوم نے پہلی مرتبہ ایلات کی جانب فائر کیے گئے میزائل کو روک کر ناکارہ بنایا ہے۔ اس واقعہ میں کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

اسرائیل کے فوجی حکام نے اس حوالے سے کچھ کہنے سے گریز کیا ہے کہ یہ میزائل یا راکٹ کہاں سے فائر کیا گیا تھا۔ قبل ازیں ایک جہادی گروپ نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے ایلات کی جانب گراڈ راکٹ فائر کیا ہے اور یہ اسرائیل کے فضائی حملے کے جواب میں چلایا گیا ہے۔

القاعدہ سے وابستہ مجاہدین شوریٰ کونسل نے ایک بیان کہا کہ اس کے جنگجوؤًں نے سوموار اور منگل کی درمیانی شب ایک بجے راکٹ فائر کیا تھا اور یہ حملہ یہودیوں کے حالیہ جرم کے ردعمل میں کیا گیا تھا۔ اس جنگجو گروپ کا کہنا ہے کہ صہیونی فوج نے گذشتہ جمعہ کو جزیرہ نما سیناء میں ڈرون حملہ کیا تھا جس میں چار مجاہدین مارے گئے تھے۔ تاہم مصری حکام نے اس ڈرون حملے کی تردید کی تھی۔