.

شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کا تین موبائل ہسپتال مصر بھجوانے کا حکم

سعودی عرب و دیگر عرب ممالک 12 ارب ڈالر کی امداد بھی دے چکے ہیں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

شاہ عبداللہ نے مصر میں اخوان المسلمون کے خلاف جاری کریک ڈاون اور پورے مصر میں پھیلی قتل وغارت گری کے ماحول کے پیش نظر فوری طور پر ہرطرح کی سہولیات سے لیس تین مکمل موبائل ہسپتال مصر بھجوانے کا حکم دیا ہے۔

سرکاری ذرائع نے بتایا ہے کہ شاہ عبداللہ نے یہ حکم مصری بھائیوں کی مدد اور مصر میں ہنگامی صورتحال کے باعث طبی سہولیات کم پڑ جانے کی وجہ سے کیا ہے۔

سرکاری طور پر بتایا گیا ہے کہ مصر بھجوائے جانے والے تینوں موبائل ہسپتال ہر طرح کے طبی آلات، ادویات اور طبی معاونات کے علاوہ ڈاکٹروں سمیت تمام عملے کے ساتھ ہوں گے۔ واضح رہے اس اعلان سے محض ایک روز قبل شاہ عبداللہ نے مصری سکیورٹی فورسز کی دہشت گردی کے خلاف مکمل حمایت کا اعلان بھی کیا تھا۔

سعودی عرب، کویت اور عرب امارات مجموعی طور پر مصری عبوری حکومت کو اب تک 12 ارب ڈالرکی خطیر امداد دینے کا اعلان کر چکے ہیں۔ دوسری جانب مصر میں صرف گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران لگ بھگ دو سو شہری جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ بدھ کے روز کی ہلاکتیں اس کے علاوہ ہیں۔