.

کیمیائی ہتھیاروں سے اموات، یو این حکام آج دمشق آئیں گے

اپوزیشن کی یقین دہانی کے بعد شامی حکومت سے بات کریں گے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

اقوام متحدہ کے اعلی حکام آج دمشق پہنچ رہے ہیں۔ یہ حکام یو این کے کیمیائی ہتھیاروں سے متعلق معائنہ کاروں کو کیمیائی ہتھیاروں سے متاثرہ علاقوں تک رسائی دلانے کے لیے شامی حکام سے بات چیت کریں گے، تاکہ سیکرٹری جنرل بان کی مون کی ہدایت کے مطابق کیمیائی ہتھیاروں کے معاملے کا فوری اور غیر جانبدارانہ انداز میں جائزہ ممکن ہو سکے۔

شامی حزب اختلاف نے جمعہ کے روز یقین دہانی کرا دی ہے کہ اقوام متحدہ کے کیمیائی معائنہ کاروں کی شام میں مصروفیات کے دوران انہیں مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ اپوزیشن کے ترجمان خالد صالح کا اس بارے میں کہنا تھا '' یہ کافی مشکل ہو گا کہ معائنہ کار 48 گھنٹوں کے اندر اندر اس متاثرہ علاقے میں داخل ہو جائیں، جس میں کیمیائی ہتھیاروں سے انسانی جانوں کا ضیاع ہوا ہے، تاہم اپوزیشن اقوام متحدہ کے معائنہ کاروں کا تحفظ یقینی بنائے گی۔'' شامی اپوزیشن کے ترجمان کے یہ خیالات بظاہر روسی وزیر خارجہ کے ایک حالیہ بیان کے جواب کے طور پر سامنے آئے ہیں۔

شامی رضاکاروں کا کہنا ہے کہ وہ مبینہ طور پر کیمیائی ہتھیاروں سے جاں بحق ہونے والے افراد کے جسموں کے ٹشوز چند کلو میٹر کے فاصلے پر ہوٹل میں ٹھہرے معائنہ کاروں کے سامنے لائیں گے۔ اپوزیشن ترجمان خالد صالح کے مطابق اپوزیشن ان ٹشوز کے نمونے ملک سے باہربھی لے جانے گی تاکہ ان کا تجزیہ کرایا جا سکے۔