.

مصر: سیناء میں ہیلی کاپٹروں کے حملے میں 8 جنگجو ہلاک

القاعدہ سے وابستہ تنظیم مجاہدین شوریٰ کونسل کے دو ارکان گرفتار

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مصری فوج نے ہیلی کاپٹروں سے غزہ کی پٹی اور اسرائیل کی سرحد کے ساتھ جزیرہ نما سیناء میں جنگجوؤں کے ٹھکانوں پر حملے کیے ہیں جس کے نتیجے میں آٹھ جنگجو ہلاک اور پندرہ زخمی ہوگئے ہیں۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق سیناء کے قصبے الرفح کے جنوب میں منگل کو جنگجوؤں کے چار ٹھکانوں کو ہیلی کاپٹروں کے حملے میں نشانہ بنایا گیا ہے۔ مصری فوج کے چار ہیلی کاپٹروں نے علاقے میں متعدد مکانوں پر پندرہ بم گرائے ہیں اور اسلحہ ڈپوؤں پر راکٹ فائر کیے ہیں۔

مصری سکیورٹی فورسز نے علاقے میں کارروائی کے دوران القاعدہ سے وابستہ مجاہدین شوریٰ کونسل کے دو ارکان کو گرفتار کرنے کی بھی اطلاع دی ہے۔

واضح رہے کہ شمالی سیناء میں فروری 2011ء میں سابق صدر حسنی مبارک کی برطرفی کے بعد سے مسلح جنگجو بروئے کار ہیں اور وہ مصر کے سکیورٹی اہلکاروں پر وقفے وقفے سے حملے کرتے رہتے ہیں لیکن منتخب جمہوری صدر ڈاکٹر محمد مرسی کی 3 جولائی کو برطرفی کے بعد سے ان کے حملوں میں تیزی آئی ہے۔

مسلح جنگجو شمالی سینا میں پولیس اور فوج کے چیک پوائنٹس پر سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو اپنے حملوں میں نشانہ بناتے رہے ہیں جبکہ عام شہری بھی ان حملوں کا ہدف بن رہے ہیں۔ جنگجوؤں نے 19 اگست کو الرفح کی جانب جانے والے مصری پولیس اہلکاروں کے قافلے پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں پچیس اہلکار مارے گئے تھے۔