.

لیبیا: کار بم دھماکہ، اہم سرکاری عمارات تباہ

دھماکہ مشرقی شہر بن غازی میں ہوا، وزارت خارجہ کو نقصان

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

لیبیا کے مشرقی شہر بن غازی میں زور دار بم دھماکے سے وزارت خارجہ مرکزی بنک کی عمارات کو سخت پہنچا ہے۔ البتہ فوری طور پر کسی جانی نقصان کی مصدقہ اطلاعات سامنے نہیں آئی ہیں۔

یہ دھماکہ گزشتہ سال بن غازی ہی میں امریکی قونصلیٹ پر عسکریت پسندوں کے حملے کے ٹھیک ایک سال بعد بدھ کے روز کیا گیا ہے۔ گزشتہ برس اسی روز بن غازی امریکی قونصلیٹ پر حملے میں امریکی سفیر سمیت چار امریکی مارے گئے تھے۔

ایک عالمی خبر رساں ادارے نے عینی شاہدوں کے حوالے سے بتایا ہے کہ یہ دھماکہ ایک کار کی مدد سے کیا گیا ہے۔ دھماکہ خیز مواد اور بارود کار میں بھرا گیا تھا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق وزارت خارجہ کی عمارت کا بڑا حصہ اس دھماکی وجہ سے تباہ ہو گیا ہے۔

دھماکے کی وجہ سے لیبیا کے مرکزی بنک کے مقامی ہیڈ کوارٹرز کی عمارت کا بھی سخت نقصان ہوا ہے۔ دھماکہ ایک سکیورٹی چیک پوسٹ کے پاس کیا گیا ہے، تاہم ابھی تفصیلات کا انتظار ہے۔