.

دبئی میں دنیا کی بیش قیمت سنہری لیمبورگنی کے ماڈل کی نمائش

22 قیراط سونے اور ہیروں سے مزین مکمل کار کی قیمت 78 لاکھ ڈالرز ہوگی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

دبئی میں سونے کے رنگ اور ہیرے سے مزین دنیا کی بیش قیمت کار لیمبورگنی کے ماڈل کی ایک شو روم میں نمائش جاری ہے۔ اس ماڈل کار کی بعد میں دنیا کے دوسرے شہروں میں نمائش کی جائے گی۔

کار کا یہ ماڈل پچیس انچ لمبا ہے اور اس پر 22 قیراط سونے کا رنگ چڑھایا گیا ہے اور یہ مکمل سائز کی کار کی ہوبہو نقل ہے جو جرمنی کا کارساز ادارہ آر جی ای (رابرٹ گلپن انجنئیرنگ) تیار کرنے کی منصوبہ بندی کررہا ہے۔

اگر اس ادارے کو اس مہنگی ترین کار کا آررڈر مل جاتا ہے کہ تو اس کی لاگت 78 لاکھ ڈالرز آئے گی۔ گلف نیوز میں جمعرات کو شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق یہ متحدہ عرب امارات میں سب سے مہنگی کار ہوگی۔

کار ساز ادارے کے مطابق ماڈل کار کا گینز بُک آف ورلڈ ریکارڈز میں تین حوالوں سے اندراج کا امکان ہے۔ ایک یہ کہ یہ دنیا میں سب سے بیش قیمت ماڈل ہے۔ دوسرا یہ کہ اس کا سب سے شاہانہ لوگو ہے اور دنیا کا سب سے محفوظ شوکیس ہے۔

لیمبورگنی کے نمائشی ماڈل کو اس وقت گاہکوں کے ملاحظے کے لیے دبئی کے ایک شوروم میں رکھا گیا ہے۔ نومبر میں اس کو دبئی موٹر شو میں پیش کیا جائے گا اور اس کے بعد ابوظہبی میں اس کی نمائش کی جائے گی۔