.

مغربی کنارا: اسرائیلی فوجی اہلکار پراسرار طور پر ہلاک

صہیونی فوج کے کریک ڈاؤن میں سات فلسطینی گرفتار

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

اسرائیلی فوجیوں نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر قلقیلیہ میں اپنے ایک ساتھی کی پراسرار ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے اس کی میت قبضے میں لے لی ہے۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ قلقیلیہ میں ہلاک ہونے والے فوجی کی میت انہیں مل گئی ہے، تاہم ترجمان نے حادثے کی وجہ اور اس کی جگہ کے بارے میں کوئی مزید وضاحت نہیں کی۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ مرنے والی فوجی اہلکار کے اہل خانہ کوبھی حادثے کے بارے میں مطلع کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوج اور انٹیلی جنس حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

درایں اثناء فلسطینی خبر رساں ایجنسی"معا" نے اپنی رپورٹ میں اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی فوجی کی پراسرار ہلاکت کے بعد قابض فوج نے قلقیلیہ میں مختلف مقامات پر چھاپے مارے اور گھروں میں گھس کر شہریوں کو زد و کوب کیا ہے۔ تلاشی کی کارروائیوں میں بیت امین قصبے سے سات سگےبھائیوں کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

عینی شاہدین کے مطابق صہیونی فوج نے ہفتے کو علی الصباح بیت امین قصبے کی ناکہ بندی کرکے گھر گھر تلاشی کا سلسلہ شروع کیا، جس میں سات سگے بھائیوں کو حراست میں لیا گیا۔

"معا" کے نامہ نگار کے مطابق ہفتے کے روز سہ پہر کو قلقیلیہ کی زرعی اراضی میں اسرائیلی فوج کا ایک ہیلی کاپٹر بھی اترا تاہم اس کی آمد و رفت کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے۔