.

سعودی عرب مسلم امہ کے اتحاد کا چیمپئن ہے: سربراہ او آئی سی

شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کی مسلم امہ کی مخلصانہ، فراخدلانہ اور غیر متزلزل حمایت کی تعریف

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

اسلامی تعاون تنظیم (او ائی سی) کے سیکرٹری جنرل پروفیسر اکمل الدین احسان اوغلو نے کہا ہے کہ سعودی عرب اسلامی دنیا کا سب سے بڑا حامی اور مؤید ملک ہے اور وہ خادم الحرمین الشریفین شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کی بالغ نظر قیادت میں ترقی اور خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن ہے۔

انھوں نے سعودی عرب کے تراسویں قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں شاہ عبداللہ کی قیادت میں مملکت میں مختلف شعبوں میں ہونے والی ترقی اور خوشحالی کو سراہا اور مسلم امہ کے اتحاد کے لیے ان کی کوششوں کی تعریف کی۔ انھوں نے کہا کہ سعودی عوام کی خوشحالی کے لیے اختیار کردہ پالیسیوں کی بدولت سعودی مملکت کو علاقائی اور عالمی سطح پراہم مقام حاصل ہوچکا ہے۔

پروفیسر اکمل الدین احسان اوغلو نے خاص طور پر شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کی مسلم امہ کی مخلصانہ، فراخدلانہ اورغیر متزلزل حمایت کو سراہا اور کہا کہ سعودی مملکت عرب دنیا کے خیرخواہ کے طور پر اہم کردار ادا کررہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ''سعودی عرب نے مشکلات کا شکار اسلامی ریاستوں کی امداد کے لیے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا۔ اس کا اندازہ سعودی عرب کی جانب سے صومالی عوام کے لیے شروع کیے گئے امدادی منصوبوں سے کیا جاسکتا ہے۔ ہم صومالیہ کے علاوہ سوڈان کے متاثرین سیلاب کے لیے خادم الحرمین الشریفین کے فراخدلانہ عطیات پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں''۔ واضح رہے کہ سعودی عرب نے حالیہ مہینوں کے دوران بحران کا شکار شام، مصر اور فلسطینیوں کو کروڑوں ڈالرز کی امداد دی ہے۔